Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کی کِٹ

لاہور: ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے ہندوستان جانیوالی پاکستان ہاکی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی گئی۔اس کے ساتھ ہاکی ٹیم کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ جوش و خروش سے بھرپور ورلڈ کپ اینتھم لانچ کر دیا گیا۔پی ایس ایل کی کرکٹ ٹیم پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے قومی کھیل کو بلندیوں پر پہنچانے کیلئے اسپانسر کے طور پر بیڑا اٹھا لیاہے۔پاکستان ہاکی ٹیم کے اسپانسر ہائیر پاکستان نے ورلڈ کپ روانگی سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ ہائیر پاکستان آفس لاہور میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ کٹ کی رونمائی کی تقریب میں چیئرمین جاوید آفریدی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ اور پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان موجودتھے۔اس موقع پرمعروف موسیقار کمپوزر ساحر علی بگا اور شہاب نے ہاکی ٹیم کیلئے خصوصی طور پرتیار کردہ اینتھم بھی پیش کیا۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ ماضی میں4 بار ورلڈ کپ،3 بار چیمپیئنز ٹرافی اور 3 بار اولمپکس گولڈ میڈل جیت کر پاکستان ہاکی ٹیم نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔امید ہے ہند میں ہونیوالے ہاکی ورلڈ کپ میں پاک ٹیم اچھی کاکردگی کامظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ، پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینیر اور دیگر کھلاڑیوں نے حوصلہ افزائی پر جاوید آفریدی اور ہائیر پاکستان مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ پاکستان فیڈریشن سے ایم او یو پر دستخط کے بعد ہائیر پاکستان قومی ہاکی ٹیم کی 2020ءتک اسپانسر ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: