پاکستانی سرزمین پر اب پرائی لڑائی نہیں لڑینگے،عمران خان
میران شاہ... وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ اب پاکستان کی سرزمین پر دوبارہ کبھی پرائی جنگ نہیں لڑیں گے۔ افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک میں امن کے خواہاں ہیں۔ فاٹا کے عوام نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے اپنا خون پسینہ بہایا ۔ اس جنگ سے ہماری معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے، پیر کو و زیراعظم کے دورہ شمالی وزیرستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے دہشتگردی اور مشکل حالات کا سامنا کرنے پر فاٹا اور کے پی کے کے عوام کی تعریف کی اور کہا کہ فاٹا کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔قبائلی عوام جنگ کے دوران مشکل حالات سے گزرے ہیں۔پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی ملک نے اتنا نہیں کیا جتنا پاکستان نے کیا۔پاکستان عوام پر جنگ مسلط کی گئی، دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے، اپنا خون پیسنہ بہایا ہے۔ اس جنگ سے ہماری معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ پہنچے۔ سیکیورٹی صورتحال، استحکام کے لئے جاری آپریشنز، سماجی اور اقتصادی منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے غلام خان ٹر مینل کا دورہ اور سرحد پر باڑ لگانے کے عمل کا معائنہ بھی کیا۔