Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں سعودی اسپتال

 ریاض.... پاکستانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اسلام آباد میں 200 بستروں پر مشتمل ایک اسپتال اور ایک ہیلی پیڈ تیار کرائے گا۔ پاکستانی وزیر صحت عامر کیانی نے اپنے ملک کی مدد پر سعودی حکومت کیلئے قدر و منزلت اور ممنونیت کے جذبات کااظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر کیلئے سعودی وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع ہوگئے۔ کیانی نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ اسپتال 13.7 ہیکٹر رقبے میں اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس سے ہزاروں افراد کو فائدہ ہوگا۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے ایوب ٹیچنگ اسپتال میں تعمیرکئے جانیوالے 114فلیٹ اسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیئے۔ تقریب میں سعودی ، ایرااورمحکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ 8اکتوبر 2005ءآنیوالے ہولناک زلزلے کی وجہ سے کشمیر اور ہزارہ میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔ سعودی حکومت کے فنڈز سے آزاد کشمیر اور خیبرپختونخواہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کیا۔ ایرا کی جانب سے ایوب ٹیچنگ اسپتال میں سعودی عرب کے فنڈز سے 600 ملین ریال کی خطیر رقم سے فلیٹ تعمیر کئے گئے۔ منگل کے روز ایوب ٹیچنگ اسپتال میں ان فلیٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سعودی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈآف مشن وسعودی ڈویلپمنٹ فنڈز کے وائس چیئرمین حبیب اللہ البخاری تھے۔ ایوب ٹیچنگ اسپتال میں 114رہائشی فلیٹوں کی تعمیر سعودی حکومت کا چھبیسواں منصوبہ ہے جوکہ مکمل کیاگیا۔ جن میں سڑکیں، روشنی، پانی کی سپلائی اور ہر فلیٹ کا اپنا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی تعمیر کیاگیاہے۔ اس موقع پرمہمان خصوصی سعودی ڈویلپمنٹ فنڈز کے وائس چیئرمین حبیب اللہ البخاری نے 114فلیٹوں کی چابیاں ایوب ٹیچنگ اسپتال کے ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر اطہر لودھی کے حوالے کیں۔
 

شیئر: