واشنگٹن.... امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے بتایا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے الحدیدہ بندرگاہ اقوام متحدہ کے حوالے کرنے پر مذاکرات کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کئی ماہ تک ٹال مٹول سے کام لے کر عرب اتحاد برائے یمن کی فوجی پیشرفت کے ماحول میں منظوری دی ہے۔ شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹوئٹر پر اپنے اکاﺅنٹ میں تحریر کیا کہ الحدیدہ حوالے کرنے کیلئے مذاکرات کی منظوری نے ثابت کردیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں سے مطالبات منوانے کیلئے مسلسل دباﺅ ہی یمن کے سیاسی حل کی کلید ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن حدیدہ شہر کا دورہ کرکے رخصت ہوگئے وہاں انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران یمن کے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ بحران کے حل کی خاطر براہ راست مذاکرات کا جو موقع عالمی برادری نے انہیں فراہم کیا ہے اس کا فائدہ اٹھائیں۔