Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک،چین دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،چینی ترجمان

بیجنگ...چین نے کہا ہے کہ کراچی میں قونصلیٹ حملے سے پاک، چین تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔دونوں اطراف عوام ‘حکومتوں نے باہمی اعتماد سے ثابت کر دیا اس دوستی کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا ۔حملے میں ملوث افراد ‘تنظیم کیخلاف پاکستان کی کاروائی اطمینان بخش تھی ۔ ترجمان چینی محکمہ خارجہ نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ کراچی میں قونصلیٹ پر حملے کے بعد دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے باہمی اعتماد، تعاون اور دوستی کے بھرپور عملی مظاہرے نے پھر ثابت کردیا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے والی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حملے میں ملوث افراد اور تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ چینی اداروں، افراد اور سی پیک کی سیکیورٹی مزید مستحکم کرنے کا یقین دلایا ہے۔چین نے پاکستانی پولیس کو فوری اور فیصلہ کن کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں چینی باشندوں نے متاثرین کے لئے امدادی رقوم دی ہیں۔ پھر ثابت ہوا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندروں سے گہری اور ہر موسم کے اسٹریٹجک پارٹنرز کے اعزاز کی مستحق ہے۔
 

شیئر: