آج کسان بھائی بحران سے گزر رہے ہیں، راہول گاندھی
نئی دہلی.... کانگریس صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کسان بھائی جس پریشان کن اور بحران سے گزر رہے ہیں اسے دور کرنے کیلئے قانون بدلنا پڑے۔ وزیر اعظم بدلنا پڑے ، وزیر اعلیٰ بدلنا پڑے اور قانون بنانا پڑے تو کسانوں کی خاطر سب کچھ کر گزریں گے۔ انہوں نے ملک بھر سے دہلی پہنچنے والے ہزاروں کسانوں کی ریلی سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی آواز اٹھانا بند نہیں کریں گے۔ آپ لوگ جو چاہتے ہیںہم ویسا کرنے تیار ہیں۔خواہ اس کیلئے قانون ہی کیوں نہ بدلنا پڑے۔ راہول نے مزید کہا کہ جو بھی حکومت کسان کی توہین کریگی، ملک کے نوجوانوں کو بدنام کریگی ملک کے عوام اسے اکھاڑ پھینکیں گے۔ کانگریس صدر نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ کسانوں کو راحت بہم پہنچانے کیلئے ان کے قرضے معاف کئے جائیں۔راہول گاندھی نے انتباہ دیا کہ اگر کسانوں کی ناگفتہ بہ حالت نہ سدھاری گئی تو مودی حکومت کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اگر مرکزی حکومت طیارے کے لئے امبانی کو 30ہزار کروڑ روپے دے سکتی ہے۔15بڑے صنعتکاروں کے قرضے معاف کر سکتی تو اسے کسانوں کے قرضے بھی معاف کرنا چاہئیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے کہاکہ کسان بھائیوں کو ان کے حقوق سے محروم کر دیا گیا، کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا ۔اسکے بجائے امبانی اور دیگر صنعتکاروں کی تجوریاں بھر دی گئیں۔ آخر حکومت کسانوں کے ساتھ سوتیلے پن کا برتاؤکیوں کر رہی ہے۔ کسانوں کے لئے حکومت کی بیمہ یوجنا ایک فراڈ ہے۔کسانوں کے کھاتوں سے ہزاروں کروڑ روپے نکال لئے گئے لیکن جب فصل برباد ہوئی تو سب دیکھ رہے ہیں کہ کسانوں کی حالت کیا ہے ۔یہ بیمہ یوجنا نہیں بی جے پی کی ڈاکہ یوجنا ہے۔واضح ہو کہ بہار، بنگال، اترپردیش، پنجاب،ہماچل پردیش ، مہاراشٹر،تمل ناڈو،کیرالہ ،میزورم اور آسام سمیت 27ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ہزاروں کسانوں نے جمعرا ت سے ہی دہلی پہنچنا شروع کردیا تھا۔ احتجاجی کسانوں کی حمایت میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری ،نیشنلسٹ کانگریس کے صدر شرد پوار، ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، لوک تانترک جنتا دل کے شرد یادواورسماج وادی پارٹی کے دھرمندر یادو سمیت کئی اہم لیڈر بھی جنتر منتر پہنچے تھے۔