لندن : سڑک پر پولیس کا خوف وہراس
لندن ۔۔ ۔ جنوبی لندن کے مغربی علاقے لاکوک میں پیر کی صبح مسلح پولیس اہلکاروں نے پستول لہراتے ہوئے مسلح نقب زن کو گرفتار کرلیا۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح 8بجکر 10منٹ پر پیش آیا او راس میں فلائنگ اسکواڈکے ان اہلکاروں نے حصہ لیا جو آتشیں اسلحہ سے لیس تھے۔ اسی سلسلے میں پولیس نے ایک دوسرے شخص کو ڈکیتی کے حوالے سے مبینہ شریک جرم کے سلسلے میں گرفتار کرلیا۔ کہا جاتا ہے کہ پولیس حکام پہلے ہی سے ملزم کی تاک میں تھے اور جب کارروائی کا وقت آیا تو انسداد ڈکیتی کے لئے مخصوص پولیس دستے نے آتشیں اسلحہ سے لیس ساتھیوں سے مدد بھی طلب کی۔عینی شاہدین کا کہناہے کہ انہوں نے سرخ ٹوپی پہنے ہوئے ایک شخص کو سڑک پر دندناتے ہوئے اور لوگوں کو پستول تانتے ہوئے دیکھا تاہم اس کی یہ سرگرمی اس وقت تک جاری رہی جب تک اسے گولی مار کر زخمی نہیں کر دیا گیا اور گرفتار نہیں کرلیا گیا۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے صبح 8بجکر 10منٹ پر ایک زور دار آواز سنی۔ تاہم وہ کون تھا اس کے بارے میں وہ یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اسی دوران ملزم کی تاک میں لگی پولیس گاڑیوں سے سائرن کی آوازیں آنے لگیں ۔ کچھ لوگوں کا کہناہے کہ سرخ ٹوپی والا شخص پولیس کا کوئی خفیہ ایجنٹ تھا جو ملزم پر نظر رکھے ہوئے تھا۔ ملزم کو زخمی کرنے کے بعد لندن اسپتال پہنچا دیا گیا تاہم اسپتال میں اسکی حالت کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔ واقعہ کے بارے میں پولیس ایمبولینس سے پیغامات موصول ہونے لگے جس میں کہا گیا کہ ایک شخص کو گولی مار دی گئی ہے جس کے فوری بعد قریبی کئی سڑکیں بند کردی گئیں۔ اب پولیس کے ا علیٰ حکام نے پورے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقا ت شروع کردی ہے۔