Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا اور ہند کے مابین بارڈر گواسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا۔ہندنے دوسری اننگز میں 307 رنز بنا کر میزبان آسٹریلیا کو فتح کیلئے 323 رنز کا ہدف دیا۔ چیتشوارپجارا 71 اور اجنکیا راہانے 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ناتھن لیون نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لئے ہیں۔ آسٹریلیاکو فتح کیلئے مزید 219 رنز اور ہندکو 6 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ شان مارش 31 اور ٹریوس ہیڈ 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ایشون اور شامی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو اآوٹ کیا۔ ہند نے 151 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز شروع کی تو پجارا 40 اور راہانے ایک رن پر کھیل رہے تھے، دونوں نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 87 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا ا سکور 234 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر لیون نے پجارا کو آوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، پجارا نے 71 رنز کی اننگز کھیلی، روہت شرما ایک رن بنا سکے، انہیں بھی لیون نے آوٹ کیا، ریشبھ پانٹ 28 رنز بنانے کے بعد لیون کی گیند پر فنچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، ایشون 5 رنز بنا کر ا سٹارک کی گیند پر کیچ ہوئے، 303 پر ہند کی آٹھویں وکٹ گری جب راہانے 70 رنز بنا کر لیون کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، ایشانت شرما اور محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ہند کی پوری ٹیم 307 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور اس نے آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 323 رنز کا ہدف دیا، لیون نے 6،ا سٹارک نے 3 اور ہیزلووڈ نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 104 رنز بنا لئے ہیں، مزید 219 رنز جیت کےلئے درکار ہیں۔ ایرون فنچ 11، مارکس ہیرس 26، عثمان خواجہ 8 اور پیٹر ہینڈزکامب 14 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، شان مارش 31 اور ٹریوس ہیڈ 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شامی اور ایشون نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: