خاتون گاڑی سمیت برج سے گر گئی
جدہ ۔۔۔ جدہ شہرمیں خاتون ڈرائیور خطرناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئی۔یہ 10روز کے اندر اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ خاتون جدہ میں برج کے اوپر سے گزر رہی تھی۔ گاڑی سمیت الزہور جھیل میں جاگری۔ ایک سعودی نوجوان نے مدد کرکے اسے یقینی موت سے بچایا۔ سعودی شہری عبداللہ الحربی نے بتایا کہ وہ جنوبی جدہ میں صبح کے وقت ناشتے کیلئے نکلا تھا۔ اچانک مینا برج پر ٹکر کی زور دار آواز اور جھیل سے چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔ جھیل میں گاڑی دیکھ کر پریشان ہوگیا۔ اپنا سامان گاڑی میں رکھ کر متاثرہ گاڑی کی جانب متوجہ ہوا۔ حفاظتی بیلٹ خاتون کی گردن میں پھنسا ہوا تھا۔ بیحد مشکل سے بیلٹ دھار دار آلے سے کاٹ کر خاتون کو گاڑی سے نکالا۔ ڈرائیونگ سیٹ کا دروازہ بند ہوگیا تھا۔ دوسرے دروازے سے خاتون کو ایک صفائی کارکن کی مدد سے نکالا۔خاتون کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ اسے جدہ کے ایک اسپتال میں ہلال احمر کی مدد سے داخل کرادیا گیا۔