Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے تھائی لینڈ کو51 رنز سے شکست دیدی

نوازش مین آف دی میچ قرار پائے،دیگر میچوں میں ہانگ کانگ، بحرین اور عمان کی کامیابی
سید مسرت خلیل ۔ جدہ
کرکٹ ورلڈ کپ ڈویژن 2 ایشیا کوالیفائرکے پہلے دن کچھ دلکش کرکٹ دیکھنے کوملی اگرچہ بینکاک میں گروپ اے کے دونوں میچ رات کی بارش کے اثرات سے متاثر ہوئے تھے۔ٹی سی جی گراونڈ پرسعودی عرب اور میزبان تھائی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا میچ تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے 28 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ سعودی عرب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 28اوورز میں 104رنز بنائے۔ کپتان محمد نوازش جیزولی 35 رنز بناکرٹاپ اسکورر ہے۔ سعودی ٹیم کی آخری 6 وکٹیں 27 رنز کے اضافہ سے گری۔ سلاوٹ مالیون نے 3 وکٹیں 19 رنز کے عوض حاصل کیں۔ جوابی بیٹنگ میں میزبان ٹیم کو قوی امید تھی کہ مطلوبہ ہدف با آسانی حاصل کرلے گی۔ انھوں نے پر اعتماد طریقہ سے اننگز کا آغازکیا اور18 اوورز میں 2وکٹوں پر38رنز بنائے لیکن سعودی بولرز کی نپی تلی عمدہ بولنگ پر صرف 51رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ کپتان محمد نوازش جیزولی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دیگرمیچوں میں ہانگ کانگ نے چین کو 182 رنز، بحرین نے مالدیپ کو 14 رنز اور عمان نے بھوٹان کو 8 وکٹ سے شکست دی۔ہانگ کانگ نے 249 رنز بنائے۔ اوپنر کلھان چلو نے خوبصورت سنچری اسکور کی۔انھوں نے 109 گیندوں ایک چھکے اور 14چوکوں کی مدد سے 109 بنائے۔ چین نے ہانگ کانگ کی آخری 5 وکٹیں صرف 12رنز پرحاصل کیں۔ فاسٹ بولر وانگ زی ہو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے23رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں چین 23 اوور میں 67 رنز بنا سکا۔ نصراللہ رانا اور وکرم شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بحرین 44.3 اوورز میں 173 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ جاگان نے 85 گیندوں میں 60 رنز بنائے۔علی۔ آئیون نے 14 رنز دیکر3وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں مالدیپ 159 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔ روف راحیل 32 ،اوپنر مفاز حسین اور احمد رائد نے 31 ، 31رنز بنائے۔ سجاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ عمان اور بھوٹان کے درمیان میچ میں بھوٹان نے 19.3 اوورز میں 48 رنز بنائے۔ کے ایس کوٹاکران نے 5رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔عمان نے وننگ ٹارگٹ 11.4 اوورز میں 2وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: