چیف جسٹس تھر پہنچ گئے‘ اسپتال کا دورہ‘ اظہار برہمی
مٹھی: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار دورہ تھر کے دوران مٹھی کے اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے شکایت کی کہ پروٹوکول کے دوران جو تفصیلات بتائی گئیں ان یں سے کوئی بھی چیز یہاں موجود نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے ساتھ دورہ تھر کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، جسٹس فیصل عرب، جسٹس اعجاز الاحسن، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ اور رجسٹرار سپریم کورٹ کراچی رجسٹری ارباب شہزاد بھی موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کے شعبہ حادثات کے دورے کے دوران چیف جسٹس نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو تین گولیاں رکھ کر کہتے ہیں کہ یہ ایمرجنسی وارڈ ہے؟ خدا نخواستہ کوئی بڑا واقعہ ہوجائے تو کیا ہوگا؟ واضح رہے کہ اس موقع پر شعبہ حادثات کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس اپنے دورے کے دوران تھرکول پروجیکٹ، مٹھی کے ڈسٹرکٹ اسپتال کا دورے بھی کریں گے اور صحت کی سہولیات کا جائزہ لیں گے بعد ازاں چیف جسٹس مصری شاہ آر او پلانٹ بھی دیکھیں گے پھر شام 5 بجے مائی بختاور ائرپورٹ سے واپس کراچی روانہ ہو جائیں گے ۔