Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک آئی ایم ایف کی وہیل چیئر پر ہے ، اسفندیار

 پشاور...عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی اشد ضرورت ہے۔ایف اے ٹی ایف کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ملک کا نقشہ صومالیہ اور ایتھوپیا سے مختلف نہیں ہو گا۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ملک میں موجودکالعدم تنظیمیں مختلف ناموں سے کام کر رہی ہیںجو پابندی کی صورت میں نئی پہچان کا لبادہ اوڑھ کر میدان میں آ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے ان تنظیموں سے بے خبر نہیں تاہم جب تک بلا تفریق کاروائی نہ کی جائے۔ دہشت گردی سے نجات کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوںنے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف نام نہاد کاروائیوں سے بیرونی دنیا کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ اس قابل تھے کہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکیں۔ ہمارے تو ہاتھ پاوں ہی نہیں ہم خود کو چلانے کیلئے آئی ایم ایف کی وہیل چیئر کے محتاج ہیں۔ ہمارا ملک ان پابندیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان اور افغانستان میں جاری دہشت گردی کی وجوہ بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے این پی ہمیشہ جمہوریت کی بقا کیلئے میدان میں ڈٹی رہی ہے۔ مستقبل میں بھی جمہوریت کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دے گی۔

شیئر: