Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز ہو گیا

بابر اعظم، فخر زمان اور فہیم اشرف 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی فاتح ٹیم کا حصہ تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز آج سے ہو گیا ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی اور ڈے نائٹ میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ مدِمقابل ہیں۔
پاکستان ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف بولنگ کر رہا ہے۔
کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی قیادت محمد رضوان جبکہ نیوزی لینڈ کی کپتانی مچل سینٹنر کر رہے ہیں۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 118 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 118 میں سے 61 میچوں میں شکست دی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 118 میں سے 53 میچوں میں ہرایا جبکہ تین میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔
دونوں ٹیمیں اب تک چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں تین مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں تینوں مرتبہ کیویز کو جیت حاصل ہوئی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر، کپتان)، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں وِل ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، نیتھن سمتھ، میٹ ہینری اور وِل او رُورک شامل ہیں۔
پاکستان 1996 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ فائنل میں اس نے روایتی حریف انڈیا کو 180 رنز سے ہرایا تھا۔ 
فخر زمان  نے شاندار سینچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ حسن علی مجموعی طور پر 13 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی کی اپ گریڈیشن کی ہے۔ 
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے جس میں ڈریسنگ رُومز اور ہاسپیٹیلٹی باکسز شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ، انڈیا اور بنگلہ دیش گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ گروپ بی آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے۔
ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 23 فروری کو دبئی میں انڈیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرے میچ میں 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدِمقابل ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے گروپ مرحلے کے تین میچز کراچی میں، تین میچز لاہور میں اور تین ہی میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
انڈیا کی ٹیم اپنے تینوں گروپ میچز دبئی میں کھیلے گی۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل چار مارچ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ لاہور کا قذافی سٹیڈیم پانچ مارچ کو دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ 

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تاہم اگر انڈین ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوئی تو پھر 9 مارچ کو فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، بصورت دیگر یہ میچ دبئی میں ہوگا۔ 
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز سال 1998 میں ہوا تھا۔ اس وقت یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی کہلاتا تھا۔ 2002 میں اسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نام دیا گیا۔پاکستان 2017 میں یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے علاوہ 2000، 2004 اور 2009 میں اس ایونٹ کا سیمی فائنل بھی کھیل چکا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے مجموعی طور پر 23 میں سے 11 میچز جیتے ہیں جن میں انڈیا کے خلاف  تین فتوحات بھی شامل ہیں۔
ایونٹ میں اب تک پاکستانی کھلاڑی چار سینچریاں بنا چکے ہیں۔ سال 2000 میں نیروبی میں سعید انور نے سری لنکا کے خلاف 105 اور پھر نیوزی لینڈ کے خلاف 104 رنز سکور کیے تھے۔
سنہ 2009 میں شعیب ملک نے انڈیا کے خلاف سینچورین میں 128 رنز بنائے تھے جبکہ 2017 میں فخر زمان نے انڈیا کے خلاف اوول میں کھیلے گئے فائنل میں 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 23 فروری کو دبئی میں انڈیا کے خلاف کھیلے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی طرف سے بہترین انفرادی بولنگ شاہد آفریدی کی ہے جنہوں نے 2004 میں کینیا کے خلاف برمنگھم میں 11 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کا سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
محمد رضون (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، کامران غلام، طیب طاہر، عثمان خان، خُوش دل شاہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث رؤف، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔ 
بابر اعظم، فخر زمان اور فہیم اشرف تین ایسے کھلاڑی ہیں جو 2017 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے میچز کا شیڈول کچھ اس طرح سے ہے۔ 19 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، 23 فروری کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا مدمقابل ہوں گے جبکہ 27 فروری کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ ہو گا۔

شیئر: