تھریسامے کے خلاف تحر یک عدم اعتماد ناکام
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
لندن...برطانوی وزیرِ اعظم تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔ تحریک کی مخالفت میں 200 اور حمایت میں 117 ووٹ ڈالے گئے۔ 63 فیصد کنزرویٹو پارٹی کے ارکان نے تھریسامے کے حق میں جبکہ 37 فیصد نے مخالف میں ووٹ دیا۔اب ان کی قیادت کو ایک سال تک چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ بریگزیٹ پالیسی سے ناراض حکمران کنزرویٹو پارٹی کے 48 ارکان نے عدم اعتماد کی درخواست دی تھی۔بعد ازاں ایک بیان میں تھریسامے نے بریگزیٹ معاہدے پر عمل درآمد کا عہد دہرایا اور کہا کہ اس وقت قیادت کی تبدیلی ملک میں بحران پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتمادلانے والے ارکان پارلیمان کے خدشات کو سنا ہے۔یورپی یونین کے اجلاس میں بریگزٹ معاہدے میں تبدیلیوں کے لئے کوشش کروں گی۔واضح رہے تھریسا مے نے جولائی 2016 میں سابق وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کے استعفے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا جو بریگزیٹ معاملے کے باعث ہی اقتدار سے محروم ہوئے تھے۔