ڈوئل اسکرین کے ساتھ ویوو نیکس اسمارٹ فون لانچ
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
چینی کمپنی ویوو نے اپنا نیا فلیگ شپ فون نیکس ڈوئل ڈسپلے ایڈیشن متعارف کرادیا ہے ۔ یہ ڈوئل ڈسپلے اسمارٹ فون ہے اور اسکے فرنٹ کے ساتھ ساتھ بیک پر بھی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ بیک پر چاند جیسا دائرہ بھی دیا گیا ہے جو سیلفی لیتے ہوئے جگمگاتا ہے۔فون کے فرنٹ پر 6.39 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ بیزل لیس ہے کیونکہ اس میں فرنٹ کیمرہ نہیں دیا گیا بلکہ فون کو پلٹ کر سیکنڈ اسکرین کو سیلفی یا ویڈیو کال کے لیے استعمال کرنا ہوگا اور اس طرح فرنٹ کیمرے کے لیے نوچ یا بیزل کی ضرورت ہی ختم کردی گئی ہے۔اس کے بیک پر 16:9 ریشو کے ساتھ اسکرین موجود ہے۔ فون میں کوالکوم اسنیپ ڈریگون 845 پراسیسر، 10 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سنسر کو بھی فون کا حصہ بنایا گیا۔فون کی پشت پر 3 کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ دیا گیا ہے جن میں سے 12 میگاپکسل پرائمری کیمرہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ ہے، 2 میگاپکسل کیمرہ نائٹ ویژن جبکہ تیسرا ٹی او ایف تھری ڈی اسٹیریو کیمرہ ہے۔اسمارٹ فون کی بیٹری 3500 ملی ایمپیئر آورز کی ہے اور اس میں فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی شامل ہے۔فون کی قیمت 5000 یان ہے اور اسے 29 دسمبر سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔