Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرمایہ کاری کیلئے ٹیکس نظام بدلنا ہوگا،عمران خان

اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کےلئے خصوصی سیل بنانے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پاکستان اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ملک ہر وقت ہاتھ پھیلائے تو وہ خود مختار نہیں بن سکتا۔ سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔تاجربرادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا وژن ہے پاکستان خود مختار ملک بنے۔قومی غیرت کے لئے خود انحصاری لازمی ہے۔دوسروں پر انحصاری کی بجائے خودانحصاری اختیار کرناہوگی۔انہوںنے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ روکنے کے لئے پالیسی لارہے ہیں ۔ 6 کروڑ آبادی والے ملک ملائیشیا کی برآمدات 200 ارب ڈالرہیں۔ پاکستان کی آدھی آبادی غربت کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ بر آمدات کو بڑھانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں تاکہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے ٹیکس نظام کو بدلنا ہوگا۔ موجودہ ٹیکس نظام کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی بڑا سرمایہ کار ہمارے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ ہمیں لوگوں کی ذہنیت بدلنی ہوگی کہ پیسہ بنانا گناہ نہیںبلکہ ٹیکس چوری کرنا گناہ ہے۔ ناجائز طریقے سے پیسہ کمانا غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹیکس کا نظام اتنا فرسودہ ہے کہ ایسا آدمی ہی سرمایہ کاری کرے گا جو ملک سے بہت پیار کرتا ہوگا یا پھر بہت مجبور ہوگا یا پھر وہ انتہائی دولت مند ہوگا اور پیسوں کے عوض ان مسائل پر قابو پا لے گا۔ جس سرمایہ کار کے پاس بھی انتخاب کے مواقع ہوں گے وہ اس ٹیکس نظامسے کسی اور ملک میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے گا۔انہوں نے کہا کہ ان مشکلات کو دیکھتے ہوئے ٹیکس نظام میں بھی سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو پاکستان لایا جا سکے۔ کابینہ نے ٹیکس وصولی اور ٹیکس پالیسی کو علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ منی لانڈرنگ اور اسمگلنگ بری طرح متاثر کر رہی ہیں اس کا سب سے بڑا اثر ہماری صنعتی ترقی پر پڑ رہا ہے اس پر قابو پانے کے لئے پالیسی سازی کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ غیرملکی پاکستانیوں کو ترسیلات زر ملک بھیجنے کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں، تاکہ وہ با آسانی قانونی طریقے سے ترسیلات زر یہاں بھیج سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بہت زیادہ دلچسپی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ پاکستان کی جیو اسٹریٹیجک پوزیشن، سی پیک اور پاکستان کی نوجوان آبادی ہے موجودہ حکومت کی کرپشن کے خاتمے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے بیرون ملک سرمایہ کار کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔

شیئر: