Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ سے سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی پارلیمان کے کردار کو سراہا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
بدھ کو شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ جب پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، تو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کا خیرمقدم کیا۔  
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے۔
’سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بڑے بھائیوں کی طرح کھڑا رہا ہے۔ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔‘
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  
’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں۔ دونوں بردار ممالک مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں برادر ممالک اہم علاقائی و عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔‘
سردار ایاز صدیق کا کہنا تھا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کا حالیہ دورۂ پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
پاکستان کی پارلیمان سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے ساتھ اپنے مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔‘

منگل کو سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی تھی۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی پارلیمان کے کردار کو سراہا۔
’دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔‘
چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیئر: