Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں مالی سال میں 35 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی توقع ہے: وزیر خزانہ

اس پیج کو مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے
اہم نکات
وزیراعظم کی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے پر بیان
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کروانے پر اتفاق
بلوچستان میں پولیو مہم منسوخی کے بعد 30 دسمبر کو شروع کرنے کا اعلان

وزیرِاعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک لے کر جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس میں کہا کہ انسانی سمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے اور اس کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر میں ایسے تمام واقعات جن میں پاکستانی ملوث پائے گئے ہیں، ان کی رپورٹ وزیراعظم نے ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے طلب کر لی ہے۔
 وزیراعظم نے انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائی میں سست روی کرنے والے افسران کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔

رواں مالی سال میں 35 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی توقع ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں ہر سال 35 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور رواں مالی سال میں 35 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہونے کی توقع ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بھی 9 ارب ڈالر کو پہنچ رہا ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا دس سال بعد سرپلس ہونا اہم پیش رفت ہے جبکہ مہنگائی ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح پر آئی ہے جو نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق 4.9 فیصد پر آ گئی ہے۔

صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان، 5 جنوری تک بند رہیں گے

صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کے لیے تمام اعلیٰ تعلیمی ادارے 24 دسمبر سے 5 جنوری تک بند رہیں گے۔
حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام تمام نجی اور سرکاری اعلیٰ تعلیمی ادارے اس دوران بند رہیں گے۔
تمام نجی و سرکاری کالجز 6 جنوری 2025 کو دوبارہ کھولیں گے جبکہ بی ایس چار سالہ پروگرام معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ بورڈز اور یونیورسٹیوں کو اپنے شیڈیول کے مطابق امتحانات لینے کا کہا گیا ہے۔

انٹرنیٹ بند کرنے کا شوق نہیں لیکن سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کرنا پڑتا ہے، شزہ فاطمہ

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا شوق نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کرنے سے خوشی ملتی ہے لیکن سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ایسا کرنا پڑتا ہے۔
انٹرنیٹ سے متعلق مسائل پر سوال کے جواب میں وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ صارفین کو درپیش مشکلات سے انکار نہیں کرتے لیکن مختلف وجوہات کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے  کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کبھی بھی انٹرنیٹ کی فکسڈ لائن نہیں بند کی لیکن موبائل برانڈ بینڈ پر سکیورٹی کا مسئلہ آئے گا اور نیشنل سکیورٹی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا تھا کہ اگر ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تاخیر کریں گے تو یہ ملک پتھر کے دور کی طرف لوٹ سکتا ہے۔

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ سے سپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات 
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ 
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے۔ 
’سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بڑے بھائیوں کی طرح کھڑا رہا ہے۔ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔‘

ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے، پی ٹی آئی کا اعلامیہ

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں، ڈیروں پر چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے۔
پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہونے ہر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اراکین پر دباؤ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر فوری جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ دونوں واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے جبکہ عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے ان کا دفتر اور گھر 24 گھنٹے کھلا ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں ایاز صادق نے کہا کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنا چاہیں تو آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہے، سپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کے لیے کھلے رہتے ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف مصر کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ

وزیرِاعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ ہو گئے ہیں جہاں ترقی پذیر ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس ڈی۔8 میں شرکت کریں گے۔
ڈی ایٹ کا اجلاس ’آئندہ کل کی معیشت کے لیے نوجوانوں، چھوٹے و درمیانے طبقے کے کاروبار میں سرمایہ کاری‘ کے موضوع پر منعقد ہو گا۔

بلوچستان میں پولیو مہم تیسری مرتبہ مؤخر، 30 دسمبر کو ہوگی

ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو مہم 30 دسمبر سے شروع ہو گی۔
بلوچستان میں پولیو مہم تیسری مرتبہ مؤخر ہو رہی ہے۔ مہم 16 دسمبر کو شروع ہونا تھی جو حکام کے مطابق انتظامات پورے نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھی۔ 
خیال رہے کہ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 26 کیسز سامنے آئے ہیں۔

شیئر: