مسجد نبوی کے کتب خانے سے سالانہ 7 لاکھ افراد مستفیض
مدینہ منورہ ۔۔۔۔ مسجد نبوی الشریف کے کتب خانے میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد کتب ہیں جبکہ سالانہ 7لاکھ افراد مستفیض ہوتے ہیں ۔ کتب خانہ کے قیام کو 88 برس ہو چکے ہیں ۔ المدینہ اخبار کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجدنبوی الشریف کا کتاب خانہ1352 ہجر ی میں اس وقت کے محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر عبید مدنی کی تجویز پر قائم کیا گیا تھا ۔ کتب خانہ مختلف ترقیاتی مراحل سے گزرتا رہا جس میں قدیم مخطوطات اور نادر و نایاب کتب کا انمول ذخیرہ موجود ہے ۔ مکتبہ کے ڈائریکٹر مسعد الرفیعی نے بتایا کہ کتب خانے میں انتہائی نادر کتب کا ذخیرہ موجود ہے جنہیں مختلف ادوار میں حکمران پڑھا کرتے تھے ۔ کتب خانے میں 580 ہجری کے قرآن کریم اور کتب کے نادر نسخے بھی رکھے گئے ہیںجبکہ مخطوطات بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ مسجد نبوی کے کتب خانے میں بیک وقت 300افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ کتب خانہ 24 گھنٹے اور 12 ماہ کھلا رہتا ہے ۔ کتب خانہ کا قیام 1352 ہجری میں عمل میں آیا جس کے پہلے ڈائریکٹر احمدیاسین الخیاری تھے اس وقت کتب خانہ مسجدکے شمال مغربی سمت میں باب عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ پر قائم کیا گیا تھا ۔ گزرتے وقت کے ساتھ جب کتب خانے کی توسیع کی ضرورت محسوس کی گئی اورذخیرہ کتب میں اضافہ ہوا تو امور حرمین کے ادارے نے مسجد نبوی الشریف کے شمال مغربی سمت میں مسجد کی چھت پر اس کےلئے مقام مخصوص کر دیا ۔ کتب خانے کی منتقلی اور توسیع 1428 ہجری میں عمل میں آئی ۔ موجودہ کتب خانے کا رقبہ 2 ہزار 744 مربع میٹر پر محیط ہے جہاں تمام سہولیتں فراہم کی گئی ہیں ۔ کتب خانے میں 70 کمپیوٹرز نیٹ ورک سے منسلک ہیں جن سے لوگ استفادہ کر سکتے ہیں ۔ کتب خانے میں موجود کتابوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 548 ہے ۔ کتب خانے میں بیک وقت 3 سو افرا دکے بیٹھنے اور مطالعہ کرنے کی سہولت موجود ہے جبکہ ماحول کو مطالعہ کےلئے بہترین بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے ۔ کتب خانے میں 13اقسام کے قرآن کریم ہیں جبکہ بریل سسٹم کی 39 کتب کے علاوہ 71 مخصوص کمپیوٹر ز جوکہ انٹرنل نیٹ ورک سے مربوط ہیں جن کے ذریعے مسجد نبوی الشریف میں ہونے والے دروس کودیکھا اور سنا جاسکتا ہے ۔