پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 326کے جواب میں ہند کے172/3رنز
پرتھ:ہند کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن میزبان آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 326رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جبکہ ہند نے کھیل ختم ہونے تک 3وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنا لئے ہیں ۔ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی اور ان کے نائب اجنکیا رہانے وکٹ پر موجود ہیں ۔ ویرات کوہلی 82رنز پر کھیلتے ہوئے ایک اور سنچری کی جانب گامزن ہیں جبکہ رہانے 51رنز بنا چکے ہیںا ور یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 17ویں نصف سنچری ہے ۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 90 رنز بن چکے ہیں۔آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک 2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔ اس سے پہلے دوسرے دن کے آغاز پر آسٹریلیا نے 277/6 رنز پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی ۔ کپتان ٹم پین اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز مجموعی اسکور میں 33رنز کا اضافہ کرچکے تھے کہ آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ گرگئی اور 310کے مجموعی اسکور پرپیٹ کمنز19رنز پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد کپتان ٹم پین بھی اسی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے انہوں نے38رنز بنائے ۔ 326رنز پر بقیہ دونوں وکٹیں بھی گر گئیں۔ ہندوستانی بولر ایشانت شرما آسٹریلیا میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 41رنز دے کر 4وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ 2-2 وکٹیں ہنوما ویہاری، امیش یادو اور جسپریت بمرا کو ملیں۔ ہندوستان کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا جب صرف8رنز پر اس کے دونوں اوپنرز لوکیش راہول اور مرلی وجے واپس لوٹ گئے ۔ راہول نے2جبکہ مرلی وجے 12گیندیں کھیلنے کے باوجود کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوئے ۔ چتیشواڑ پجارا اور کپتان ویرات کوہلی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں74رنز بنا کر صورتحال کو سنبھالا۔پجارا 24رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد اجنکیا رہانے اور کوہلی نے اننگز کو عمدگی سے آگے بڑھایا اور آسٹریلوی بولرز کو کسی کامیابی سے محروم رکھتے ہوئے اسکور 172رنز تک پہنچا دیا ۔ ہند کو آسٹریلیا کا اسکور برابر کرنے کیلئے ابھی مزید154رنز کی ضرورت ہے اور اس کی7وکٹیں باقی ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں