سرد موسم میں کھانسی ، نزلہ ، زکام سے بچاؤ
سرد موسم میں کھانسی نزلہ زکام ایک عام مسئلہ ہے ۔ سردی میں اکثر افراد نزلہ زکام سے پریشان نظر آتے ہیں اور کچھ کھانسی اور گلا خراب کی شکایت کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ کچھ افراد کی کھانسی تو ہر قسم کا ٹوٹکا اور ادویات استعمال کر لینے کے باوجود بھی ختم نہیں ہوتی ۔ اس کی بڑی وجہ ان کا بے احتیاط رویہ ہوتا ہے ۔ اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ لوگ سرد موسم میں بھی آئسکریم اور کولا مشروبات سے احتیاط نہیں کرتے نتیجتاً مختلف بیماریوں میں گھرے رہتے ہیں ۔ سرد موسم میں کھانسی سمیت دیگر مسائل سے بچنے کے لئے کوشش کرنا لازم ہے ۔ اس کے علاوہ نزلہ زکام اور کھانسی سے بچنے کے لئے شہد اور تخم بالنگا کا استعمال ایک بہترین حل ہے ۔ ایک گلاس پانی میں ایک چائے کا چمچ تخم بالنگا بھگو دیں اور اس میں ایک چائے کا چمچ شہد شامل کرکے ابال لیں اور دن میں ایک بار پی لیں ۔ اگر چھوٹے بچے نزلہ زکام اور کھانسی میں مبتلا ہیں تو انہیں ایک انڈے کی زردی ، دو عدد کالی مرچ ، آدھا چائے کا چمچ شہد ، اور آدھا چائے کا چمچ ادرک کا رس ایک گلاس ابلتے ہوئے دودھ میں شامل کرکے بچوں کو پلائیں ۔ بہت جلد نزلہ زکام اور کھانسی میں افاقہ محسوس ہو گا ۔