Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ2020کی میزبانی پاکستان کا حق ہے، احسان مانی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے واضح کیا ہے کہ ہند وستانی بورڈ نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کی مخالفت نہیں کی اور اس حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی مکمل حمایت سے ہوا اورہندوستانی بورڈ نے ٹورنامنٹ کے لئے مقامات منتخب کرنے کا اختیار پاکستان کو دینے کی بھی حمایت کی ہے۔ احسان مانی نے یہ بھی کہا کہ ایشیا کپ 2020کی میزبانی پاکستان کا حق تھا اور ہماری کوشش ہے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کریں۔ گزشتہ دنوںبنگلہ دیش میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ہوا تھا البتہ میچز کے مقامات کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا،ایونٹ میں پاکستان، ہند، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ کے تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا، جس میں ہند نے کامیابی حاصل کی تھی۔
 

شیئر: