گزشتہ 4ماہ سے الزامات در الزامات کی پرانی سیاست اور وہی گھسی پٹی فلم چل رہی ہے، گندی سیاست کو ختم کرنے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا
زبیر پٹیل ۔ جدہ
گزشتہ روز پاکستانی بحری امور کے وفاقی وزیر علی زیدی نے سابق صدر زرداری اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے انتہائی سخت باتیں کہیں جو کسی طور درست نہیں۔اپنی تنقید کے بعد وفاقی وزیر نے شہباز شریف کے حوالے سے کہا کہ انہیں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا عہدہ دیکر جمہوریت کیلئے کڑوا گھونٹ پیا ہے۔
یہاں ہم وزیر بحری امور سے درخواست کرینگے کہ خدارا الزامات در الزامات کی سیاست بند کرکے کام کرنے کا ہنر سیکھیں۔اسی میں عقلمندی ہے اور آپ کی یہی خاموشی ملکی ترقی کا سبب بنے گی۔ الزامات کی یہ بہار گزشتہ 70سال سے دیکھ رہے ہیں ۔آخر یہ نہ ختم ہونے والا سلسلہ کب تک جاری رہیگا۔اس طرح کی گندی سیاست نے ہی ملک کو تباہی کے دہانے پر آج پہنچا دیا ہے اور ڈالر آج 140کی حد بھی عبور کرچکا ہے جس سے پڑوس کے دشمن ممالک خوش ہونگے اور ہم انہیں خوش ہونے کا موقع اپنے ہاتھوں سے فراہم کررہے ہیں۔
پاکستانی عوام نے ملک میں جاری گندی سیاست کو ختم کرنے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔ افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ 4ماہ سے الزامات در الزامات کی پرانی سیاست اور وہی گھسی پٹی فلم چل رہی ہے کہ پرانی حکومتوں پر الزامات اورنئی حکومت خود کو دودھ کی دھلی ہوئی ثابت کرنے پر تلی۔ دودھ کی دھلی نئی حکومت اس وقت ثابت ہوگی جب وہ کچھ ”اچھا“ کرکے دکھائےگی۔ فی الحال تو گزشتہ 4ماہ میں اس نے کوئی ایسا اچھا کام نہیں کیا کہ عوام کے منہ سے خوشی کے مارے بے اختیار ”واہ، واہ“ اور تعریفیں نکلیں۔ ضروری ہے کہ صرف کام سے کام رکھا جائے اور فضول گوئی میں وقت برباد کرنے کے بجائے کوئی اچھا کام کرلیا جائے۔تب ہی ملکی خزانہ بھرے گا۔ فضول الزامات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا سوائے خزانہ مزید خالی ہونے کے ۔