لیموں وٹامنز کا خزانہ
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
لیموں وٹامن کا خزانہ ہے جو اپنے اندر بہت سے غذائی اور دوائی اجزاء سموئے ہوئے ہیں ۔ یہ بہت سی بیماریوں کے علاج میں بطور دوا استعمال ہوتا ہے ۔ بچوں کی بڑھتی عمر میں ہڈیوں کو مضبوط بنانے ، خون صاف کرنے ، جلد کی صحت وصفائی اور ہاضمے کو بہتر بنانے کے لئے لیموں بہت مفید ہے ۔ کھانسی اور بلغم ہونے کی صورت میں ایک لیموں کے رس میں چٹکی بھر لونگ کا سفوف ملا کر آٹھ آٹھ گھنٹے کے وقفے سے پیئیں تو کھانسی میں بہت جلد آرام آجائے گا ۔ نزلہ زکام کی شکایت ہو تو ایک پیالی قہوہ میں تھوڑا سا نمک اور لیموں کا رس ملا کر پئیں ۔ اس کے علاوہ اگر جلد پر دانے یا پھوڑے پھنسیاں نکل رہی ہوں تو صبح سویرے تھوڑا سا دودھ ابال کر ٹھنڈا کریں اور اس میں لیموں کا رس ملا کر دودھ پھٹنے سے پہلے پی لیں ۔ لیموں موٹاپا اور وزن کم کرنے کے لیے بھی بے حد مفید ہے ۔ نیم گرم پانی میں ایک لیموں کا رس اور ایک چمچ شہد ڈال کر نہار منہ پینے سے موٹاپے میں واضح کمی محسوس ہوتا ہے ۔ صرف یہی نہیں بلکہ لیموں کا رس دانتوں کی صفائی ، پیلاہٹ اور میل کچیل دورکرنے کے لئے بھی مفید ہے ۔ اس کے علاوہ بچوں کے دانت نکالنے کی عمر میں اگر انہیں آدھا لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ شہد میں شامل کرکے استعمال کروایا جائے تو نہ صرف بچے دانت بآسانی نکال لیتے ہیں بلکہ ان کی صحت بھی بہتر ہو جاتی ہے ۔ لیموں جسم کو وٹامنز کی ضروری مقدار فراہم کرکے صحت مند نشوونما میں مدد دیتا ہے ۔