بچے کا نام ’’ ہٹلر‘‘ رکھنے پر والدین کو جیل
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
لندن۔۔۔برطانیہ میں ایک جوڑے نے اپنے نومولود بچے کا نام 'ہٹلر' رکھ کر اپنے لیے مصیبت کھڑی کردی۔ بچے کا نام 'ہٹلر' رکھنے اور نازی ازم کی خصوصی علامت کے ساتھ تصاویر بنانے کی پاداش میں انہیں جیل جانا پڑ گیا۔ نومولود کے والد 22 سالہ آدم تھامس اور 38 سالہ ماں کلوڈیا پاٹاٹاس کو برمنگھم کی مقامی عدالت نے بیٹے کا نام 'ہٹلر' رکھنے پر طلب کیا۔ عدالت نے بیٹے کا نام ہٹلر رکھنے والے بچے کے والد کو چھ سال چھ ماہ اور ماں کو پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ دونوں کو یہ سزا صرف اس لیے نہیں دی گئی کہ انہوںنے بچے کا نام ہٹلر رکھا ہے ۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق ان دونوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ بھی بتایا جاتا ہے۔ نازیوں کی حمایت کرنے والی اس تنظیم کو برطانیہ میں سنہ 2016 میں ایک عدالتی حکومت پر کالعدم قرار دیا گیا تھا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیاہے کہ بچے کا نام ہٹلررکھنے والے والدین کی تشدد اور نسل پرستی کے عقائد کی طویل تاریخ ہے۔ عدالت نے ان کے خاندان کے ایک قریبی دوست دارین فیلیٹچر کو بھی شدت پسندانہ خیالات رکھنے کی پاداش میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔