قرضوں کے بوجھ تلے دبی حکومت سے فوری کامیابی کی امیدیں کیونکر کی جا سکتی ہیں
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی)مسلم لیگ (ض ) کے سربراہ اعجاز الحق نے سعودی عرب کا مختصر دورہ کرکے اردو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی شرط کے بغیرپاکستان کا حمایتی اور معاون رہا ہے جس پر پاکستانی قوم بھی سعودی عرب کو دل وجان سے چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سے سعودی ولیعہد کے پاکستان کے دورہ کی بابت سنا ہے، پاکستانی قوم ان کے استقبال کی لئے دل کی گہرائیوں سے منتظر ہے ۔ پاکستانی حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبی حکومت سے فوری کیا امیدیں وابستہ کی جاسکتی ہےں ۔ انھوں نے کہا کہ دوسری طرف وائٹ کالر کرپشن کے بھی انبار ہیں جن سے حساب لینا اتنا آسان نہیں۔ اےسے مواقع پرمیرے ذہن میں بنیادی طور پر یہ سوال بھی ابھرتا ہے کہ بینظیر بھٹو اور ان کی جماعت کے سینکڑوں رہنما اور کارکن جن میں ان کے شوہر آصف زرداری بھی شامل تھے، کے خلاف 1986 اور 1999 کے درمیان کئی مقدمات درج کئے گئے تھے لیکن پرویز مشرف نے ن NRO کے ذرےعے تقریبا 8 ہزار لوگوں کے مقدمات معطل کرکے غضب کر دیا جس کی وجہ سے مختلف مقدمات میں مطلوب لوگوں کے حوصلہ بڑھ گئے اور وہ سدھرنے کے بجائے وائٹ کرپشن کے مزید راستے تلاش کرنے لگے ۔