ریاض: تنزانیہ کی سیامی بچیوں کا آپریشن کامیاب، والدہ مشرف بہ اسلام
ریاض: تنزانیہ کی سیامی بچیوں کا آپریشن کامیاب، والدہ مشرف بہ اسلام
اتوار 23 دسمبر 2018 3:00
ریاض.... خادم حرمین شریفین اور انکے ولی عہد کی ہدایت پر تنزانیہ کی سیامی بچیوں ”انیتسیا اور میلنیس“ کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کامیاب ہوگیا۔ اس خبر نے نہ صرف یہ کہ انکے اہل خانہ بلکہ تنزانیہ بھر میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ آپریشن کنگ عبدالعزیز کے ماتحت کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ اسپتال برائے اطفال میں کیا گیا۔ اس موقع پر انکی والدہ نے کامیاب آپریشن پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے حلقہ بگوش اسلام ہونے کا ارادہ ظاہر کیا۔ آپریشن ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے انہیں کلمہ شہادت” لاالہ اللہ محمد رسول اللہ“ تلقین کیا جسے ماں نے موقع پر موجود لوگوں کے سامنے دہرایا۔ ہر ایک نے سیامی بچیوں کی ماں کو دہری مبارکباد پیش کی۔ پہلی مبارکباد آپریشن کی کامیابی اور دوسری مبارکباد حلقہ بگوش اسلام ہونے کی دی گئی۔ دونوں بچیوںکے دھڑ، سینے اور پیٹ کے نچلے حصے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے۔ دونوں کے گردے ، آنتیں اور دیگر نظام ایک دوسرے سے مربوط تھا۔ سوشل میڈیا پر ”انیتسیا اور میلنیس“ کی ماں کے حلقہ بگوش اسلام ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ہزاروں لوگوں نے اس پر دلی مسرت کا اظہار کیا، بچیوں کی ماں کو مبارکباد پیش کی۔ سعودی شہری فایز المالکی نے اس کی وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کی جو وائرل ہوگئی۔ وڈیو میں دیکھا اور سنا جارہا ہے کہ سیامی بچیوں کی ماں مسلمان ہونے کی نیت کا اظہار کررہی ہے ۔ آپریشن کی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کررہی ہے۔ وڈیو کلپ میں جراحوں کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ انہیں کلمہ شہادت پڑھواتے اور ماں کے کلمہ شہادت دہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔