قیام پاکستان کیلئے عظیم خدمات پر قائد اعظم کو خراج عقیدت
مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی)یوم قائد کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف مکہ مکرمہ نے ایک اجلاس کیا جس میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات و افکار اورقیام پاکستان کیلئے انتھک محنت اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی مکہ مکرمہ کے صدر ڈاکٹر خالد عظیم خٹک نے کی ۔ نائب صدر ملک سرفراز اعوان، جنرل سیکریٹری سید خاقان، انفارمیشن سیکریٹری محمد عزیر بھٹہ، سابقہ صدر انجینئر ریاض شاہین آفریدی، میڈیکل ونگ کے صدر انور جاوید، احتساب کمیٹی کے رکن سردار غلام دستگیرخان، یوتھ ونگ کے نائب صدر ارسلان شاہد، یوتھ ونگ کے جنرل سیکرٹری اختر علی رانا، لیبرونگ کے صدر حافظ اکبر حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔ عہدیداران اور ممبران کو پارٹی کیلئے کامیاب کاوشوں اور اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔