کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر چلائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے حالات کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے مین امن و امان بہتر ہو رہا ہے۔ سندھ حکومت فوج اور پولیس کے ساتھ مل کر قیام امن بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ کا ہر فیصلہ قبول ہوتا ہے لہٰذا جے آئی ٹی میں آنے والی چیزوں کا بھی عدالت میں سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 2008ءسے کسانوں کو سبسڈیز دے رہی ہے اور یہ باقاعدہ طریقے اور ضوابط کے تحت دی گئی ہیں۔ ہم نے کسانوں کو ٹریکٹرز پر سبسڈیز دی ہیں اور یہ بات جے آئی ٹی میں واضح بھی ہے۔ پھر بھی کرپشن سے متعلق معاملات پر تحقیقات جاری ہیں اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں سامنے آنے والی تمام چیزوں کا عدالت میں سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔