ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی بحالی کے لیے کمیٹی کا قیام
کراچی: شہر قائد کے تجارتی اور گنجان مرکزی علاقے صدر کی معروف ترین ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کا صفایا کرنے کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقوں کو خوبصورت بنانے اور اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے ماہرین اور دیگر امور سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی مشاورت سے کام کا آغاز کیا جائے گا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کمیٹی کا پہلا اجلاس کمشنر ہاؤس میں میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، تعمیرات اور باغ بانی کے ماہرین لیاقت علی خان، شاہد فیروز، یاور عباس، شاہد عبداللہ، طارق ہدیٰ، محمد عاصم، کومل پرویز، دوریہ قاضی، ماروی مظہر سمیت ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا نے شرکت کی۔ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن نے اجلاس کوبتایاکہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے کام کو 2 فیز میں مکمل کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں عمارت کے اندرونی حصے اور بعدازاں بیرونی حصے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف موجودہ زمین ایمپریس مارکیٹ سمیت تقریباً 5 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جبکہ عمارت کے 4دروازے ہیں ان 4 دروازوں کے باہر جو پارک بنائے جائیں گے ان میں داخلے کے لیے بھی خوبصورت گیٹ بنائے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مزید بنائے جانے والے دروازے اور فینسنگ گرل کو ایمپریس مارکیٹ کے رنگ جیسی اور اس سے مماثلت پر بنایا جائے جبکہ پارک میں واک ویز بھی بنائے جائیں گے اور عمدہ قسم کی ٹائلیں استعمال کی جائیں گی جن کے درمیان گھاس بھی ہوگی۔