لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب کی عدالت میں ن لیگ کے ایم این اے افضل کھوکھر کو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرکے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق افضل کھوکھر پر گزشتہ روز تھانہ نواب ٹاؤن میں برطانیہ میں مقیم محمد علی ظفر کی مدعیت میں قبضے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کئی سال قبل طارق محمود نامی شخص سے 34 مرلہ زمین خریدی تھی، جس پر اب افضل کھوکھر کی رہائش گاہ ہے جو کھوکھر پیلس بن چکا ہے۔ قبل ازیں گزشہ روز ایم این اے افضل کھوکھر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ تم نے پٹواریوں کو ساتھ ملا کر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا۔