Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے نامی وزیراعظم کیخلاف تفتیش کرکے دکھائیں،بلاول

گڑھی خدا بخش ... چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کٹھ پتلی وز یراعظم ہیں۔ ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے۔بے نامی اکاونٹس کی تفتیش کرنے والوں مےںہمت ہے تو بے نامی وزےراعظم کے خلاف تفتےش کر کے د کھائیں۔ نیب کی پھرتیاں صرف اپوزیشن کے رہنماوں کے لئے کیوں ہیں۔جے آئی ٹی رپورٹ سفید جھوٹ اور عدالتوں کو گمراہ کرنے کی سازش ہے ۔ کٹھ پتلیوں سے نجات دلانے غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرنے صوبائی خود مختاری اور آزادی اظہار رائے کے خلاف لڑائی اگلے مورچوں پر خود لڑوں گا۔ گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ مجھے اندازہ نہ تھا کہ 2 سالوں میں میری راہ مےںکس طرح دیواریں کھڑی کی جا ئیں گی ۔ تمام قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سے اور تمہاری سازشوں سے، تمہارے جھوٹ سے لڑوں گا۔ تمہارے غرور کو تار تار کردوں گا۔انہوںنے کہا کہ شاید سلیکٹڈ وزیراعظم کو پتہ نہیں کہ وفاق کی بنیادیں کتنی کمزور ہو چکی ہیں کہ ا یک چنگاری سب کچھ راکھ مےںبدل سکتی ہے۔ کیا وجہ ہے کہ کے پی کے میں نوجوانوں کی تحریک میں لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ میں کھلے آسمان تلے بےٹھی ماوں بہنوں کے مطالبات نہیں سنے جا رہے۔ 3 صوبائی اسمبلیوں سے کالا باغ ڈیم کے خلاف قرار داد منظور ہونے کے باوجود اس کے لئے مہم چلائی جا رہی ہے۔ کیا وجہ ہے کہ سندھ کے مفادات اور اعتراضات ردی کی ٹوکری میں پھینکے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجال ہے کہ اس ملک کے ٹھیکیداروں کو کچھ احساس ہو۔ میاں صاحب کو سزا دلوانے کے بعد جو نعرے پنجاب میں لگے اس کا کوئی تصور بھی کر سکتا تھا۔ جس طرف نظر دوڑا ئیں غم و غصے کی لہر ہے۔ یہ دیکھنے سے قاصر ہیں ملک ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔ بلاول نے کہا کہ آج ملک کی باگ ڈور ناتجربہ کار کے ہاتھ دے دی گئی ۔ یہ کیسا وزیراعظم ہے جسے اپنے وزیراعظم ہونے کا بیوی سے اور روپیہ گرنے کا ٹی وی سے پتہ چلتا ہے۔ اس نے پہلے100 دنوں میں عوام کو مہنگائی کی سونامی میں ڈبو دیا اور معیشت کو اس نہج پر لا کھڑا کیا۔ جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔ ا یک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کرنے والے میں مہنگائی اور بے روز گاری کا طوفان کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے نام پر لاکھوں غریبوں کو گھر کی چھت سے محروم کر دیا گیا۔بلاول نے کہاکہ عمران خان تو وہ کٹھ پتلی ہے جو اس ملک کو ون یونٹ بنانا اور ملک میں ون پارٹی رول بنانا چاہتے ہیں۔وہ صوبوں کو ملنے والے مالی اختیارات واپس لینا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجھے نام نہاد اور یکطرفہ احتساب سے نہیں ڈرا سکتے۔ پروےز مشرف کا احتساب اور انتقامی کارروائےاں ،سےف الرحمان کا احتساب، ضےاءالحق کا احتساب ، کوڑے ، جیلیں ، اور پھانسی دیکھیں۔ایوب خان کا سیاسی انتقام اور جیلیں دیکھیں اور تمہاری کیا حیثیت ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سفید جھوٹ ہے۔اس کے ذریعے عدالت کو بے وقوف بنانے اور گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عدالت کو سیاسی انجینئرنگ کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ منی لانڈرنگ کی تفتیش کے لئے چلے تھے، ڈھونڈ کر لے آئے لانڈری والا۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر وہ کیس ڈال رہے ہیں جب میں ایک سال اور 6 سال کا تھا۔اگر اتنا قابل بچہ تھا تو مجھے ستارہ امتیاز ملنا چاہیے لیکن نوٹس دیا گیا۔

شیئر: