سنچورین ٹیسٹ:پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست
سنچورین۔۔۔جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان کو6وکٹوں سے شکست دے کر3میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں فتح کے لئے میزبان جنوبی افریقہ کو149رنز ہدف دیا تھا جس کے حصول میں جنوبی افریقہ کو4وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ اوپنر ڈین ایلگر اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے ہاشم آملہ کی نصف سنچریوں نے اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا ۔ ایلگر 50رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاشم آملہ63رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گر گئی تھی لیکن اس کے بعد ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کے درمیان 119رنز کی شراکت نے پاکستان کے لئے میچ میں واپسی مشکل بنا دی ۔ اس اسکور پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بولرز مختصر وقفوں سے مزید 2وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے لیکن ہاشم آملہ جو طویل عرصے کے بعد فارم میں آئے ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور ٹیم کو ہدف تک پہنچا کر ہی لوٹے۔ اس فتح میں ڈوائن اولیور کی شاندار بولنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا جو میچ میں 11وکٹیں لینے اور پاکستانی ٹیم کو دونوں اننگز میں معمولی اسکور تک محدود رکھنے میں کامیاب رہے ا،نہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں181اور دوسری اننگز میں 190جبکہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں223اسکور کئے ۔ اس طرح میزبان ٹیم کو سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لئے صرف149رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 50.4اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ ٹیمبا باووما نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی اور ہاشم آملہ کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شان مسعود، حسن علی ، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3جنوری سے کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔