ماسکو۔۔۔روس کے صدرولادیمیرپوٹین نے وزیرِاعظم شنزو آبے سے مختلف شعبوں میں تعمیری بات چیت رکھنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔روسی صدارتی دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ صدر پوٹین نے جاپان، امریکا اور چین سمیت عالمی رہنماؤں کو نئے سال کے پیغامات بھیجے ہیں اور جاپانی وزیر اعظم کو ارسال کئے گئے پیغام میں انہوں نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے قانونی بنیاد میں توسیع اور دونوں ممالک کی جانب سے روسی مشرقِ بعید میں اْن مشترکہ اقتصادی منصوبوں پر عملدرآمد کی امید ظاہر کی ہے جس کی دونوں ممالک منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل جاپانی وزیراعظم سے اتفاق کیا تھا کہ دونوں ممالک کو 1956ء کے مشترکہ اعلامیے کی بنیاد پر امن معاہدے تک پہنچنے کے مذاکرات میں تیزی لانی چاہیے۔ مذکورہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ امن معاہدے پر دستخط ہو جانے کے بعد روس، اپنے زیرِ کنٹرول 4 جزائر میں سے 2جاپان کے حوالے کر دے گا۔