لاہور: معروف عالم دین اور مبلغ مولانا طارق جمیل کی طبیعت بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مزید بہتری آنے کی صورت میں آج انہیں اسپتال سے فارغ کیا جا سکتا ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل کی طبیعت اب کافی سنبھل چکی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کو گزشتہ روز سینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کے بھائی ڈاکٹر طاہر کمال نے ان کی انجیوگرافی کے بعد اسٹنٹ ڈالنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد منگل کی دوپہر ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی۔ مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا محمدیوسف جمیل کے مطابق ان کے والد کی طبیعت آج کافی بہتر ہے۔ صبح ڈاکٹروں نے ان کا دوبارہ طبی معاینہ کیا ہے اور امید ہے انہیں آج اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کے دل کی ایک شریان پہلے بھی بند تھی اور6 سال قبل بھی انہیں اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔