جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے
اسلام آباد ... پیپلزپارٹی کی رہنما ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ای سی ایل معاملے پر نظرثانی کمیٹی کا قیام ٹال مٹول کی حکومتی کوشش ہے۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری کی نیوز کانفرنس پر ردعمل میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ علیمہ خان کی کرپشن کو جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے۔ فواد چوہدری اس کھسیانے بلے کے مترادف ہیں، جنہوں نے ناکامی کے بعد کھمبا نوچنے کی کوشش کی۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی واضح ہدایت کے باوجود حکومت نے اب تک ای سی ایل کے معاملے پر نظرثانی نہیں کی۔ ای سی ایل معاملے پر نظرثانی کمیٹی کا قیام ٹال مٹول کی حکومتی کوشش ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ پی پی نے تھر میں ترقیاتی کام کرائے تو صحرا والوں نے لینڈسلائیڈ وکٹری کا تحفہ دیا۔ سندھ میں پی پی کی کامیابی مہران وادی کے باشندوں کا پی پی کی کارکردگی پر اعتماد ہے۔ انہوںنے کہا کہ اومنی گروپ کو سبسڈی پی ٹی آئی کے مطالبے کی روشنی میں دی گئی۔انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت کو گرانے چلے تھے، اپنی حکومت بچاتے پھررہے ہیں۔