شاہد خاقان کیخلاف بھی نیب تحقیقات
اسلام آباد... احتساب بیوروکے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت2 انوسٹی گیشن اور 20انکوائریوں کی منظوری دیدی۔ احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں ہوا ۔ جاری اعلامیہ میں کہاگیا کہ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوحتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کرےگا جس کے بعد مزیدکارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتاہے ۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 2 انو سٹی گیشنزکی منظوری دی گئی جن میںشاہد خاقان عباسی سابق وفاقی وزیر برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل، ارشد مرزا ،سا بق سیکرٹری پٹرولیم ،شیخ عمران الحق، سابق منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان اسٹیٹ آئل،یعقوب ستا رڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان اسٹیٹ آئل اورمحمدنعیم الدین خان چیف آپریٹنگ آفیسر بنک آف پنجاب اور دیگر شامل ہیں ۔چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔میگاکرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ، اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے۔