Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ کے تین سال، لندن میں سینکڑوں افراد کا یوکرین کے حق میں مارچ

جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک ہزاروں یوکرینی شہری مارے جا چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
روس کے یوکرین پر حملے کے تین برس مکمل ہونے اور واشنگٹن اور کیف کے درمیان بڑھتے تناؤ کے درمیان لندن میں سینکڑوں افراد نے یوکرین کے حق میں مارچ کیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو جنگ کے تین سال مکمل ہو جائیں گے اور اس سے قبل سنیچر کو لندن میں ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں یوکرین کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا کر مغربی لندن میں یوکرین کے سینٹ ولادیمیر کے مجسمے سے روسی سفارت خانے کی طرف مارچ کیا۔
تین سالہ طویل جنگ 24 فروری 2022 کو یوکرین پر روسی حملے سے شروع ہوئی تھی۔
برطانیہ اس وقت سے یوکرین کا حمایتی ہے، اس نے کیف کو مالی اور فوجی مدد فراہم کی اور ڈھائی لاکھ یوکرینی شہریوں کو پناہ دی۔
ریلی میں ایک پلے کارڈ پر لکھا تھا ’یوکرین پورے یورپ کے لیے امن کا دفاع کرتا ہے۔‘ جب کہ دوسرے پلے کارڈ پر لکھا تھا ’اگر یوکرین ہارا تو جنگ آپ کے گھر آئے گی۔‘
ریلی میں موجود برطانوی شہری مارٹن ونسنٹ نے کہا کہ ’میں یوکرینی نہیں ہوں لیکن میں جانتا ہوں کہ وہ کس بڑے خطرے میں ہیں۔ ہم انہیں نہیں چھوڑ سکتے، یہ برطانیہ کا فرض ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ کھڑا ہو۔‘
ہجوم میں کچھ یوکرینی باشندے بھی شامل تھے جن میں یونیورسٹی کی طالبہ نتالیہ بھی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں گھر کی بہت یاد آتی ہے اور بہت کمزور محسوس کرتی ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں اپنے ملک واپس جا سکوں گی یا نہیں۔‘
گذشتہ ہفتے کے ’یو گو‘ سروے کے مطابق یوکرین کے لیے برطانوی عوامی حمایت مضبوط ہے جس میں 67 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ دونوں چاہتے ہیں کہ یوکرین جنگ جیتے۔
اور دس میں سے آٹھ برطانویوں نے کہا کہ رائے شماری کے مطابق یوکرین کو تنازعے پر مذاکرات میں شامل نہ کرنا ’ناقابل قبول‘ ہے۔
جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک ہزاروں یوکرینی شہری مارے جا چکے ہیں اور ابھی تک ہلاکتوں کی صحیح تعداد واضح نہیں ہے۔

 

شیئر: