مرادعلیشاہ اسی ماہ مستعفی ہوجائیں گے؟
کراچی...تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ 20 سے 25 دن میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ ہمیں خوف ہے وزیر اعلی سندھ کرپشن کے شواہد نہ مٹا دیں۔سندھ میں حکومت نظر نہیں آرہی ۔اگر صوبائی وزیراعلی کا یہی رویہ رہا تو ہم انہیں چلنے نہیں دیں گے۔ دودھ کی رکھوالی کیلئے بلے کو نہیں چھوڑ سکتے۔استعفیٰ کا مطالبہ برقرار ہے۔ آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی کو بہت مشکلات در پیش ہوں گی۔ پیپلز پارٹی کے 22سے 25لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔یہ لوگ پیپلز پارٹی میں نہیں رہنا چاہتے۔ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی سربراہی میں وفد نے چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات کی۔شہریوں کے مسائل سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیئے۔ بعد ازاں خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل سے متعلق چیف سیکرٹری سندھ کے پاس آئے تھے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شکایات سندھ حکومت کو جمع کرائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے عوامی شکایات کے حل کے لئے پورٹیل بنایا گیا تھا جس میں سندھ سے 19 ہزار شکایات درج ہوئیں اور صرف 19 00 کو حل کیا گیا۔ ایپ کے ذریعے بڑی تعداد میں کراچی کے عوام نے شکایات کیں۔انہوں نے کہاکہ صحت و صفائی، پانی اور زمینوں پر قبضوں کے مسائل ہیں۔سندھ میں مسائل حل ہوتے نظر نہیں آ رہے۔