پاکستان کے حوالے سے ٹرمپ کا یو ٹرن
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے سابقہ بیان سے یو ٹرن لیتے ہوئے پاکستان کی حمایت میں بیان دے دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتی ہے اور اس سلسلے میں وہ نئی پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات کرنے کے خواہاں ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے سوویت یونین اور افغان جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین کا فیصلہ درست تھا تاہم افغان جنگ سخت تھی، انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان بھی موجود ہے اسے لڑنا چاہیے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل امریکی صدر نے پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے منفی بیان جاری کیا تھا کہ پاکستان نے امریکہ کیلئے کوئی کام بھی نہیں کیا بلکہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو پناہ دینے میں بھی مدد کی۔ اس سے پہلے بھی ٹرمپ پاکستان پر ڈالرز لینے سے متعلق متنازع بیانات جاری کر چکے ہیں۔