بہتر معاملات کیلئے امریکہ، پاکستان کی اہمیت سمجھے‘ فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن افغانستان سے جڑا ہے، لہٰذا افغانستان میں استحکام کے حوالے سے امریکہ کا کردار اہم ترین ہے، تاہم امریکا اگر پاکستان کی اہمیت کو سمجھ کر آگے بڑھے تو معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں استحکام کے لیے امریکہ سے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں۔ واشنگٹن حکومت اس معاملے کی اہمیت کو سمجھ کر ساتھ چلے تو بہتری ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیا ہے کہ امریکہ،پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے اور اس سلسلے میں وہ نئی پاکستانی قیادت سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔