اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدالت عالیہ کے رجسٹرار کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراضات دور کرکے العزیزیہ ریفرنس کیس میں نیب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کو معطل کرنے کی اپیل دوبارہ دائر کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کی جانب سے ان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے میں دی گئی سزا معطل کرنے کے لیے دوبارہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اصل اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا معطل کی جائے۔ نواز شریف نے درخواست میں چیئرمین نیب، احتساب عدالت کے جج اور کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ کو فریق بناتے ہوئے اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت میں پیشی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔