Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحریہ ٹاؤن اور ایم ڈی اے کے تمام منجمد اکاؤنٹس بحال

اسلام آباد:  سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاؤن اور ایم ڈی اے کے تمام منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ اسلام آباد میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور بحریہ ٹاؤن کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسکول فیس کے معاملے میں اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے جبکہ عدالت نے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔ بعض اوقات سرکاری ادارے زیادہ کارکردگی دکھا دیتے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں بھی اکاؤنٹس منجمد کرنے کا نہیں کہا گیا، عدالت نے صرف نگرانی کرنے کا حکم دیا تھا۔
سماعت کے دوران ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے وکیل نے کہا کہ ادارے کے اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں جس کے بعد ایم ڈی اے اور بحریہ تنخواہیں ادا نہیں کر سکتے۔ جس پر سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تمام منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کا حکم نامہ بالکل واضح ہے۔ اس میں اکاؤنٹس منجمد کرنے کا نہیں کہا گیا تھا۔

شیئر: