***ذکا محسن ۔ ریاض***
مسلم لیگ ن کے سینیئرنائب صدر شیخ سعید احمد کی جانب سے جاوید اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر کی سرکردہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ سعید نے کہا کہ جاوید اقبال ہمارا اثاثہ ہیں ۔انہوں نے ملک سے باہر رہ کر ملک کا نام روشن کیا ہے اور ملکی عزت ووقار کاباعث بنے ۔ اردو نیوز ہو یا سعودی نشریاتی ادارے انہوں نے جس دلجمعی اور خلوص کے ساتھ کام کیا اور اپنے کالمز کے ذریعے جہاں حالات حاضرہ کو اپنے قلم سے آشکار کیا ہے وہیں عام آدمی کے مسائل بھی خوبصورتی کے ساتھ بیان کئے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ ان کی قدردان رہے گی ۔مہمان خصوصی جاوید اقبال نے بتایا کہ وہ کس طرح پاکستان سے سعودی عرب پہنچے اور پھر یہاں برسرروزگار ہوئے اور کیسے وہ سعودی میڈیا سے منسلک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اللہ کے فضل سے کام میں لگن اور دلچسپی کے بنا نا ممکن تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تعمیر ان کے سامنے ہوئی۔ سعودی عرب نے جس تیزی کے ساتھ ترقی کی اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اس میں پاکستانیوں نے اپنا خون پسینہ بہایا اور سعودی عرب بھی اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستانی ورکرز کی محنت نے ایسے ایسے شاہکار منصوبے پایۂ تکمیل تک پہنچائے ہیں جن کا کوئی ثانی نہیں۔ پاکستانی سعودی عرب سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں اور اسی طرح سعودی بھی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ یہاں پر موجود سبھی سیاسی، سماجی، مذہبی اور ادبی جماعتوں نے بھرپور پیار اور خلوص کے ساتھ نوازا ہے جو کہ میرے لئے سرمایہ ہے۔ تقریب میں محمود باجوہ، مخدوم امین تاجر، وقار نسیم وامق، سجاد چوہدری، نوجوان شاعر منصور چوہدری، پاکستان اسکول کے پرنسپل نعیم اختر، پروفیسر رفیق گوہر اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال کو پاکستان روانہ ہونے پر نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان جاکر اپنی صحافتی اور ادبی سرگرمیاں جاری رکھیں آخر میں جاوید اقبال کو شیخ سعید کی جانب سے تحائف بھی پیش کیے گئے