ہند کی کبڈی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
لاہور:3 ملکی کبڈی سیریز میں شرکت کیلئے ہندکی ٹیم لاہور پہنچ گئی جبکہ ایرانی ٹیم پہلے ہی لاہور پہنچ چکی تھی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام کبڈی کا انٹرنیشنل میلہ فیصل آباد میں شروع ہو چکا ہے۔ ایونٹ میں چاروں صوبوں سمیت آرمی، پی اے ایف، واپڈا، ریلویز، پولیس، ایچ ای سی، پی او ایف واہ، ہند اور ایران کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے ایران کی ٹیم منگل کی شام لاہور پہنچی تھی جبکہ ہندوستانی ٹیم براستہ واہگہ لاہور پہنچی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی طرف سے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چیمپیئن شپ کے بعد انٹرنیشنل کبڈی سیریز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کے ساتھ ہند اور ایران کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ اس کبڈی سیریز کے مقابلے8 جنوری سے14فروری تک سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ فیڈریشن حکام کے مطابق انٹرنیشنل ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ ایران اور ہندکے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں