Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض : لیپ 2025 نمائش ، عالمی ٹیکنالوجی حب بننے کے عزم میں اہم سنگ

نمائش میں 1800 ٹیکنالوجی برانڈز اور کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں 9 فروری سے منعقد ہونے والی ’لیپ 2025‘ ٹیکنالوجی کے حوالے سے نمایاں شاندار نمائش میں دنیا بھر سے ویژنری، انوویٹرز اور سرمایہ کار شرکت کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے حوالے سے گذشتہ سال ہونے والی ٹیکنالوجی نمائش ’لیپ 2024‘ میں13.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور پروجیکٹ کمیٹمنٹس کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔
’ ان ٹو نیو ورلڈ‘  کے عنوان سے منعقد ہونے والی نمائش لیپ 2025 کاروباری نیٹ ورکنگ اور ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے پر مرکوز ہوگا۔
سعودی ویژن 2030 کے تحت معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے منصوبے سے ہم آہنگ یہ نمائش سعودی عرب کے عالمی ٹیکنالوجی حب بننے کے عزم میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
ٹیکنالوجی کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عرب نے100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کی ایک رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ ریاض میں منعقد ہونے والی ٹیکنالوجی نمائش اس شعبے میں تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری سے 2030 تک سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 16 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2040 تک سالانہ جی ڈی پی کا 2.5 فیصد ٹیکنالوجی سیکٹر میں خرچ کرے گی۔

ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ  کے لیے100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا عزم ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس نمائش میں سعودی وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارما پی ایل سی  کے اشتراک سے سعودی فیڈریشن برائے سائبر سیکیورٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز اور ایونٹس انویسٹمنٹ فنڈ کا تعاون حاصل ہے۔
لیپ 2025 کی ویب سائٹ کے مطابق رواں سال کے نمائش میں680 سے زائد ٹیک سٹارٹ اپس، 1100مندوبین کے علاوہ 1800 ٹیکنالوجی برانڈز اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، نمائش میں ایک لاکھ 70ہزار سے زائد زائرین کی شرکت متوقع ہے۔

ٹیکنالوجی کے  سفر میں نیوم، ریڈ سی گلوبل اور القدعیہ منصوبے نمایاں ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ (مینا) میںGlobant  کے منیجنگ ڈائریکٹر ممدوح الدوبیان کا کہنا ہے ’ٹیکنالوجی کا مستقبل ان ایکو سسٹمز کے ذریعے تشکیل پا رہا ہے جو ڈیجیٹل ایجادات کو حقیقی دنیا میں تبدیلی کے ساتھ جوڑتے ہیں۔
ممدوح الدوبیان نے مزید بتایا ’ لیپ 2025 کے ذریعے سعودی عرب کا ٹیکنالوجی میں نمایاں سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ نیوم، ریڈ سی گلوبل اور القدعیہ جیسے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں کس تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
Globant ان کمپنیوں میں شامل ہے جو سعودی عرب کے ویژن 2030 کے حصول میں ٹیکنالوجی کے ذریعے تعاون کر رہی ہیں۔
سعودی وزیر برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواہا نے کانفرنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے ’لیپ 2025 ‘ میں بے مثال ٹیکنالوجی ایجادات، کاروباری مواقع اور اعلیٰ معیار کی تخلیقات پیش کی جائیں گی تاکہ سعودی عرب دنیا کا ناقابل شکست ٹیکنالوجی حب بن جائے۔
 

 

شیئر: