کاروباری مالیت گرنے کے باوجود ،سرمایہ کاروں کو 24.2ارب ریال کا فائدہ ، قصیم سیمنٹ کی قیمت ڈیویڈنڈ کے باوجود گر گئی
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتو ںمیں استحکام رہا۔ یہی وجہ تھی کہ اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کار بھی شش و پنج کا شکار رہے۔ اس لئے سرمایہ کاری میں کمی آئی۔ کاروباری مالیت 29.5فیصد کمی کے بعد صرف 8ارب ریال رہ گئی۔ مگر کاروباری مالیت میں کمی کے باوجود تداول آل شیئر انڈیکس 81.15پوائنٹس اضافے کے بعد 7830.47پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوئی۔ سرمایہ کاری میں کمی کے باوجود پرائس انڈیکس میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں اندرونی طور پر قیمتو ںمیں استحکام پایا جاتا ہے۔ سودوں اور حجم میں بھی بالترتیب 21فیصد اور 20فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو 24.2ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ قیمتوں میں اضافے کے لحاظ سے امانہ انشورنس ٹاپ پر رہی۔ جس کی پرائس 10.39فیصد اضافے کے بعد 23.58 ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ جبکہ الاھلیہ انشورنس کی قدر 7.84فیصد فروغ کے بعد 12.38ریال تک پہنچ گئی۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 1.91فیصد فروغ کے بعد 117.20ریال تک بڑھ گئی جبکہ الراجحی کی قیمت 1.86فیصد اضافے کے بعد 87.50ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ قصیم سیمنٹ نے پچھلے ہفتے 5فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا مگر کیش ڈیویڈنڈ کے اعلان کے باوجود قیمتوں میں نقصان کے لحاظ سے قصیم سیمنٹ سب کمپنیو ںمیں سرفہرست رہی جسکی قیمت 6.33فیصد کمی کے بعد 31.80ریال پر بند ہوئی جبکہ پیکروکیم کی قیمت 4.16فیصد انحطاط کے بعد 23.96ریال تک گر گئی۔ سعودی انڈسٹریل انویسٹمنٹ گروپ کی قیمت 3.67فیصد کمی کے بعد 21.54ریال پر بند ہوئی۔سب سے زیادہ سرمایہ کاری سعودی فشریز میں ہوئی جسکی مالیت 899ملین ریال رہی اور اس کی قیمت 2.25فیصد اضافے کے بعد 72.80ریال تک پہنچ گئی۔ سعودی ایڈوانسڈ انڈسٹریز نے 2.5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اسکی قیمت 4.76فیصد اضافے کے بعد 13.20ریال پر بند ہوئی۔