عمران کو لانے والے پچھتا رہے ہیں، سعد رفیق
لاہور...مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے دعوی کیا ہے جو لوگ عمران خان کو لے کر آئے ہیں وہ آج پچھتارہے ہیں۔ لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ۔ مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔عام آدمی کی زندگی عذاب ہے۔ اس سول آمریت کی حکومت سے عوام کی جان جلد چھوٹے گی۔پاکستان کا وزیر اعظم کشکول لے کر پوری دنیا میں گھوم رہا ہے۔یہ نا اہل حکمران ہے ۔سعد رفیق نے مزید کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر انتقام لے رہی ہے۔ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے۔ پہلے بھی خدمت کا صلہ جیلوں اور انتقام کی شکل میں دیا جاتا رہا ۔ آج بھی دیا جارہا ہے۔ ہمارے ہاتھ صاف اور ضمیر مطمئن ہیں، ہم سر خرو ہو کر نکلیں گے۔