جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسس تیسرے ٹیسٹ کیلئے معطل
کیپ ٹاون: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسس کو دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ پر ایک ٹیسٹ میچ کیلئے معطل کردیا اور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا، ڈوپلیسس پاکستان کے خلاف تیسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے خلاف 9 وکٹوں سے جیتنے والے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے کی پاداش میں کپتان فاف ڈپلیسس کو ایک میچ کیلئے معطل اور میچ فیس کا 20 فیصد اور دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے ایمریٹس ایلیٹ پینل میچ ریفری ڈیوڈ بون نے میچ میں مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرنے پر جنوبی افریقہ کے کپتان اور کھلاڑیوں پر جرمانہ کیا۔اس کے خلاف شکایت ٹیسٹ میچ کے دونوں امپائر بروس آکسینفرڈ اور جوئیل وولسن اور تھرڈ امپائر سندارام روی نے کی تھی۔آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کی شق 2.22.1 کے تحت اوورز کی سست رفتاری کی مرتکب ٹیم اور اس کے کپتان کو جرمانہ کیا جاتا ہے۔فاف ڈوپلیسس اس سے قبل 17 جنوری 2018 ءکو ہند کے خلاف سنچورین ٹیسٹ میں سلواوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے جس کے بعد 12 ماہ کے اختتام سے قبل وہ ایک مرتبہ پھر اس کے مرتکب ہوئے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے جس میں وہ ابتدائی دونوں میچ جیتنے کے بعد فیصلہ کن برتری حاصل کر چکی ہے تاہم 11 جنوری کو ہونے والے ٹیسٹ میچ میں فاف ڈوپلیسس ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں