Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکیم لقمانؒ کی نصیحتیں، معیاری معاشرے کی بنیاد

یہ حکیمانہ اقوال قرآن کریم میں نقل کئے گئے تاکہ قیامت تک آنے والے انسان ان سے فائدہ اٹھاکر اپنی زندگی خوب سے خوب تر بنا سکیں
ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی۔ ریاض
    حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ کا نام تو بچپن سے ہی سنتے چلے آرہے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے نام سے قرآن کریم میں ایک سورت نازل فرمائی ہے جس کی قیامت تک تلاوت ہوتی رہے گی ان شاء اللہ،لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ حضرت حکیم لقمان کون تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے نسب، خاندان اور زمانہ کے بارے میں تو اپنے کلام میں کوئی ذکر نہیں کیا لیکن ان کے حکیمانہ اقوال کا ذکر فرمایا ہے تاہم قدیم تاریخ اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اس نام کا ایک شخص سرزمین عرب پر موجود تھا ،البتہ اُن کی شخصیت اور نسب کے بارے میں اختلاف پایاجاتا ہے۔ ایک روایت کے مطابق وہ حضرت ایوب علیہ السلام کے بھانجے یا خالہ زاد بھائی جبکہ دوسری روایت سے حضرت داؤد علیہ السلام کا ہم عصر ہونا معلوم ہوتا ہے۔ اکثر مؤرخین کی رائے ہے کہ حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ افریقی النسل تھے اور عرب میں ان کی آمد بحیثیت غلام ہوئی تھی۔ جمہور علماء کا اتفاق ہے کہ حکیم لقمان نبی نہیں تھے اور نہ ان پر وحی نازل ہوئی کیونکہ قرآن وحدیث میں کسی بھی جگہ کوئی ایسا اشارہ موجود نہیں جو حکیم لقمان کے نبی یا رسول ہونے پر دلالت کرتا ہو۔
    غرضیکہ اللہ تعالیٰ نے حکیم لقمان کو نبوت عطا نہیں کی مگر حکمت ودانائی سے وافر حصہ دیا۔ روایات میں آتا ہے کہ آپ صورت شکل کے اعتبار سے اچھے نہیں تھے، جیسا کہ مشہور تابعی حضرت سعید بن مسیب رحمۃ اللہ علیہ نے ایک حبشی سے کہا تھا کہ تُو اس بات سے دل گیر نہ ہو کہ تو کالا حبشی ہے ، اس لئے کہ حبشیوں میں3 آدمی دنیا کے بہترین انسان ہوئے ہیں۔ حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا غلام مہجع اور حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ۔ غرضیکہ حکیم لقمان کے حالاتِ زندگی اور زمانہ میں اختلاف کے باوجود پوری دنیا ان کو ایک مشہور شخصیت تسلیم کرتی ہے۔جاہلیت کے متعدد شعراء نے بھی ان کا تذکرہ کیا ہے۔
    اللہ تعالیٰ نے سورۃ لقمان میں حضرت حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ کی اُن قیمتی نصیحتوں کا ذکر فرمایا ہے جو انہوں نے اپنے بیٹے کو مخاطب کرکے بیان فرمائی تھیں۔ یہ حکیمانہ اقوال اللہ تعالیٰ نے اس لئے قرآن کریم میں نقل کئے ہیں تاکہ قیامت تک آنے والے انسان ان سے فائدہ اٹھاکر اپنی زندگی کو خوب سے خوب تر بنا سکیں اور ایک اچھا معاشرہ وجود میں آسکے۔
    پہلی نصیحت  شرک سے دوری:
    سب سے پہلی حکمت عقائد کی درستگی کے متعلق ہے۔
    ’’ اے میرے بیٹے! اللہ کے ساتھ شرک نہ کرنا۔ یقین جانو شرک بہت بڑا ظلم ہے۔ ‘‘
    یعنی اللہ تعالیٰ ہی پوری کائنات کا خالق ومالک ورازق ہے اور اس کے ساتھ کسی غیر اللہ کو شریکِ عبادت نہ کرنا۔اس دنیا میں اس سے بڑا ظلم نہیں ہوسکتا کہ اللہ تعالیٰ کی کسی مخلوق کو اس کے برابر ٹھہرایا جائے۔ یہی وہ پیغام ہے جس کی دعوت تمام انبیاء ورسل نے دی کہ معبود حقیقی صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ وہی پیدا کرنے والا، وہی رزق دینے والا ہے اور پوری دنیا کے نظام کو تنہا وہی چلانے والا ہے۔اس کا کوئی شریک نہیں ۔ ہم سب اس کے بندے ہیں اور ہمیں صرف اسی کی عبادت کرنی چاہئے۔ وہی مشکل کشا، حاجت روا اور ضرورتوں کو پورا کرنے والا ہے۔
    دوسری نصیحت، اللہ کا علم ہر چیز کو محیط ہے:
    حکیم لقمان کی دوسری نصیحت اپنے بیٹے کو یہ تھی کہ اس کا یقین رکھا جائے کہ آسمان وزمین اور اس کے اندر جو کچھ ہے اس کے ایک ایک ذرہ سے اللہ جل شانہ اچھی طرح واقف ہے، کوئی چیز بھی اس سے مخفی نہیں اور اس پر اس کی قدرت بھی کامل ہے۔ کوئی چیز کتنی بھی چھوٹی سے چھوٹی ہو جو عام نظروں میں نہ آسکتی ہو، اسی طرح کوئی چیز کتنی ہی دور دراز پر ہو، اسی طرح کوئی چیز کتنے ہی اندھیروں اور پردوں میں ہو اللہ تعالیٰ کے علم ونظر سے نہیں چھپ سکتی۔ غرضیکہ ہم دنیا کے کسی بھی میدان میں ہوں، تجارت کررہے ہوں، درس وتدریس کی خدمات انجام دے رہے ہوں، ملازمت کررہے ہوں، قوم وملت کی خدمت کر رہے ہوں، لیکن ہمیںہمارے ماں باپ اور کائنات کو پیدا کرنے والا ہماری زندگی کے ایک ایک لمحہ سے پوری طرح واقف ہے اور ہمیں مرنے کے بعد اس کے سامنے کھڑے ہوکر زندگی کے ایک ایک پل کا حساب دینا ہے۔ اگر ہم نے کسی سے چھپ کر رشوت لی ہے یا کسی شخص پر ظلم کیا ہے یاکسی غریب کو ستایا ہے یا کسی کا حق مارا ہے تو ممکن ہے کہ ہم دنیا والوں سے بچ جائیں لیکن اللہ تعالیٰ کی عدالت میں اندھیر نہیں اور ہمیں اس کا ضرور حساب دینا ہوگا۔
    تیسری نصیحت،نماز قائم کرنا:
    حکیم لقمان نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے یہ بھی فرمایا :
    ’’بیٹا! نماز قائم کرو۔ ‘‘
    نماز ایمان کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے۔ نماز خود اہم ہونے کے ساتھ وہ دوسرے اعمال کی درستگی کا ذریعہ بھی ہے جیسا کہ ارشاد باری ہے: جو کتاب آپ پر وحی کی گئی ہے اُسے پڑھئے اور نماز قائم کیجئے، یقینا نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے (سورۃ العنکبوت 45)۔ نماز میں اللہ تعالیٰ نے یہ خاصیت وتاثیر رکھی ہے کہ وہ نمازی کو گناہوں اور برائیوںسے روک دیتی ہے مگر ضروری ہے کہ اس پرپابندی سے عمل کیا جائے اور نماز کو اُن شرائط وآداب کے ساتھ پڑھا جائے جو نماز کی قبولیت کیلئے ضروری ہیں،جیسا کہ حدیث میں ہے کہ ایک شخص نبی اکرم کی خدمت میں آیا اور کہا کہ فلاں شخص راتوں کو نماز پڑھتا ہے مگر دن میں چوری کرتا ہے تو نبی اکرم نے فرمایا کہ اس کی نماز عنقریب اس کو اس برے کام سے روک دے گی(مسند احمد، صحیح ابن حبان) لہٰذا ہمیں نمازوں کا اہتمام کرنا چاہئے۔
    چوتھی نصیحت،اصلاح معاشرہ کیلئے کوشش کرنا:
    حکیم لقمان اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے آگے فرماتے ہیں:
    ’’اپنی ذات سے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کے ساتھ معاشرہ کی اصلاح کی کوشش کرتے رہنا۔‘‘
     یعنی اس بات کی فکر کرنا کہ سارے انسان اللہ کو مان کر، اللہ کی مان کر زندگی گزارنے والے بن جائیں۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکر (اچھائیوں کا حکم کرنا اور برائیوں سے روکنا) کی ذمہ داری کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بار بار بیان کیا ہے۔ سورہ توبہ کی آیت نمبر 71 میں اللہ تعالیٰ نے بیان فرمایا کہ ایمان والے مرد اور ایمان والی عورتیںایک دوسرے کے معاون ومددگار ہیں۔ ان کے  4 اوصاف ہیں: اچھائیوں کا حکم کرتے ہیں اور برائیوں سے روکتے ہیں۔ نماز قائم کرتے ہیں۔ زکاۃ ادا کرتے ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں۔
    یعنی جس طرح ہر مؤمن پر اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرنا، نماز قائم کرنا اور زکاۃ ادا کرنا (اگر مال پر زکاۃ فرض ہے) ضروری ہے، اسی طرح اچھائیوں کا حکم کرنا اور برائیوں سے روکنا ہر ایمان والے کے لئے ضروری ہے، اگرچہ ہر ِشخص استطاعت کے مطابق ہی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا مکلف ہے۔
     پانچویں نصیحت،حالات پر صبر کرنا:
    اپنے ساتھ دوسروں کی اصلاح کی کوشش کرنا ایسا عمل ہے کہ اس کی پابندی میں خاصی مشقت برداشت کرنی پڑتی ہے۔اس پر ثابت قدم رہنا آسان نہیں خصوصاً امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی خدمت کا صلہ دنیا میں عموماً عداوتوں اور مخالفتوں سے ملتا ہے اس لئے حکیم لقمان نے اس کے ساتھ یہ وصیت بھی فرمائی:
    ’’دین پر چلنے اور اس کو دوسروں تک پہنچانے میں جو مشکلات سامنے آئیں ان پر صبر کریں۔‘‘
    جیساکہ سورۃالعصر میں اللہ تعالیٰ زمانے کی قسم کھاکر ارشاد فرماتا ہے کہ تمام انسان خسارے اور نقصان میں ہیں مگر وہ لوگ جو اپنے اندر چار صفات پیدا کرلیں: ایمان لائیں، نیک اعمال کریں، محض اپنی انفرادی اصلاح وفلاح پر قناعت نہ کریں بلکہ امت کے تمام افراد کی بھی کامیابی کی فکر کریں، دین پر چلنے اور اس کو دوسروں تک پہنچانے میں جو مشکلات آئیں ان پر صبر کریں۔
    حکیم لقمان کی دیگر نصیحتیں آداب معاشرت کے متعلق:
    حکیم لقمان اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
    ’’لوگوں کے سامنے (تکبر سے) اپنے گال مت پھلاؤ۔‘‘
    یعنی لوگوں سے ملاقات اور ان سے گفتگو کے وقت ان سے منہ پھیر کر گفتگو نہ کرو جو اُن سے اعراض کرنے اور تکبر کرنے کی علامت اور اخلاقِ شریفانہ کے خلاف ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے نبی کے متعلق قرآن کریم (سورۃ القلم4) میں ارشاد فرماتا ہے: یقینا تم اخلاق کے اعلیٰ درجہ پر ہو۔
     حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے جب رسول اللہ کے اخلاق کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوںنے فرمایا:
    ’’ آپ کا اخلاق قرآنی تعلیمات کے عین مطابق تھا۔‘‘ (صحیح بخاری وصحیح مسلم) ۔
    حضور اکرم نے ارشاد فرمایا:
    ’’مجھے بہترین اخلاق کی تکمیل کے لئے بھیجا کیا گیا ہے۔ ‘‘(مسند احمد) ۔
    غرضیکہ حکیم لقمان کی اپنے بیٹے کی نصیحتوں کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ذکر کرکے پوری انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ ہمیں تمام انسانوں کے ساتھ اچھے اخلاق پیش کرنے چاہئیں۔ نیز رسول اللہ نے ارشاد فرمایا:
    ’’جو بندہ درگزر کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی عزت بڑھاتا ہے اور جو بندہ اللہ کے لئے عاجزی اختیار کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کا درجہ بلند کرتا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم) ۔
    حکیم لقمان اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
    ’’زمین پر اتراتے ہوئے مت چلو۔ ‘‘
    یعنی زمین کو اللہ تعالیٰ نے سارے عناصر سے پست افتادہ بنایا ہے۔ تم اسی سے پیدا ہوئے، اسی پر چلتے پھرتے ہو، اپنی حقیقت کو پہچانو، اِتراکر نہ چلوجو متکبرین کا طریقہ ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یقین جانواللہ کسی اترانے والے شیخی باز کو پسند نہیں کرتا۔
    حضورا کرم نے ارشاد فرمایا:
    ’’جس شخص کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہوگاوہ جنت میں نہیں جائے گا۔‘‘
    ایک شخص نے عرض کیا :یا رسول اللہ! آدمی چاہتاہے کہ اس کا لباس اچھا ہو اور اس کا جوتا عمدہ ہو ۔ آپ نے فرمایا:
    اللہ تعالیٰ جمیل ہے، جمال کو پسند کرتا ہے۔ کبر اور غرور تو حق کو ناحق کرنا اور لوگوں کو حقیر سمجھنا ہے۔‘‘ (مسلم : کتاب الایمان ، باب تحریم الکبر) ۔
    یعنی اپنی وسعت کے مطابق اچھا لباس پہننا کبر اور غرور نہیں بلکہ لوگوں کو حقیر سمجھنا تکبر اور غرور ہے۔
    حکیم لقمان اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
    ’’اور اپنی چال میں میانہ روی اختیار کرو۔ ‘‘
    یعنی انسان کو درمیانی رفتار سے چلنا چاہئے۔ رفتار نہ اتنی تیز ہو کہ بھاگنے کے قریب پہنچ جائے اور نہ اتنی آہستہ کہ سستی میں داخل ہوجائے۔ یہاں تک کہ اگر کوئی شخص جماعت کی نماز کو حاصل کرنے کیلئے جارہا ہو تو اس کو بھی حضوراکرم نے بھاگنے سے منع فرماکر اطمینان وسکون کے ساتھ چلنے کی تاکید فرمائی ہے۔
     حکیم لقمان کی اپنے بیٹے کو ایک اور اہم نصیحت:
    ’’اپنی آواز آہستہ رکھو۔‘‘
    آہستہ آواز رکھنے سے مراد یہ نہیں کہ انسان اتنا آہستہ بولے کہ سننے والے کو دقت پیش آئے بلکہ مراد یہ ہے کہ جن کو سنانا مقصود ہے، اُن تک تو آواز وضاحت کے ساتھ پہنچ جائے لیکن اس سے زیادہ چیخ چیخ کر بولنا اسلامی آداب کے خلاف ہے۔ غرضیکہ ہمیں اتنی ہی آواز بلند کرنی چاہئے جتنی اُس کے مخاطبوں کو سننے اور سمجھنے کیلئے ضروری ہے۔ بیشک سب سے بری آواز گدھے کی آواز ہے۔
    آخر میں آداب معاشرت سے متعلق 4 نصیحتیں ذکر کی گئیں۔
    ¤  اوّل لوگوں سے گفتگو اور ملاقات میں متکبرانہ انداز سے رخ پھیر کر بات کرنے سے منع کیا گیا۔
    ¤   دوسرے زمین پر اکڑکر چلنے سے منع کیا گیا۔
    ¤  تیسرے درمیانی رفتار سے چلنے کی ہدایت دی گئی۔
    ¤   چوتھے بہت زور سے شور مچاکر بولنے سے منع کیا گیا۔
     ان تمام ہی نصیحتوں کا خلاصہ یہ ہے کہ ہر وقت ہم دوسروں کا خیال رکھیں، کسی شخص کو بھی خواہ وہ مسلمان ہو یاکافر، ہم اس کو جانتے ہوں یا نہ جانتے ہوں لیکن ہماری طرف سے کوئی تکلیف کسی بھی بشر کو نہیں پہنچنی چاہئے، مگر ہم ان امور میں کوتاہی سے کام لیتے ہیں حالانکہ ان امور کا تعلق حقوق العباد سے ہے اور حقوق العباد میں حق تلفی انسان کے بڑے بڑے نیک اعمال کو ختم کردے گی لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ کی ان قیمتی نصیحتوں پر عمل کرکے ایک اچھے معاشرہ کی تشکیل دیں۔  
                         
مزید پڑھیں:- - - - - -بچوں کی نفسیاتی ضرورت، محبت

شیئر: